حیدرآباد میں آئندہ ہفتہ درجہ حرارت میں کمی کا امکان

   

شہریوں کو گرمی سے راحت متوقع ، محکمہ موسمیات کا بلیٹن
حیدرآباد۔ شہر حیدرآباد میں جاریہ ہفتہ کے دوران درجۂ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے اور شہریوں کو گرمی کی شدت سے کچھ حد تک راحت حاصل ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں آئندہ ہفتہ کے دوران گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جائے گی اور شہر حیدرآباد کے علاوہ نواحی علاقوں میں گرمی کی شدت میں 4ڈگری سیلسیس گراوٹ ریکارڈ کی جاسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی دن کے درجہ حرارت کے ساتھ ساتھ رات کے درجہ حرارت میں بھی گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی اور گرمی کی شدت سے کچھ راحت حاصل ہوگی۔پڑوسی ضلع محبوب نگر میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے اور محبوب نگر میں 37.9ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ گذشتہ سے 5 ڈگری اضافہ رہا۔بھدراچلم‘ راماگنڈم‘کے علاوہ عادل آباد میں بھی جاریہ ہفتہ کے دوران درجہ حرارت میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے لیکن آئندہ ہفتہ کے دوران ان اضلاع میں بھی گرمی کی شدت میں کمی ریکارڈ کی جائے گی۔میدک میں 37.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا اور درجہ حرارت میں کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔اس کے علاوہ نظام آباد میں درجہ حرارت 36.9 ریکارڈ کیا گیا ہے ۔شہر حیدرآباد میں درجہ حرارت 35.6 ریکارڈ کیا گیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ آئندہ دنوں کے دوران اس میں گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی اور دن کے ساتھ رات کے درجہ حرارت میں بھی گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں محکمہ موسمیات کے مطابق مجموعی اعتبار سے 2.1 سے 4 ڈگری سیلسیس گراوٹ ریکارڈ کی جاسکتی ہے۔