حیدرآباد میں آئی پی ایل میاچس کے انعقاد میں ناکامی کا الزام مسترد

,

   

چند میاچس کیلئے میں نے جئے شاہ سے نمائندگی کی تھی،صدر حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن محمد اظہر الدین کا بیان

حیدرآباد۔ صدر حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن مسٹر محمد اظہر الدین نے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آئی پی ایل کے میاچس کے انعقاد میں ناکامی کیلئے انہیں ذمہ دار قرار دیئے جانے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ہفتہ قبل بی سی سی آئی سکریٹری مسٹر جئے شاہ سے اس سلسلہ میں ملاقات کرتے ہوئے حیدرآباد میں آئی پی ایل کے انعقاد کے سلسلہ میں نمائندگی کرچکے ہیں اور اس بات کی کوشش حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کی جانب سے کی جا رہی ہے کہ آئی پی ایل کے کچھ میاچ شہر حیدرآباد میں بھی منعقد کئے جائیں۔محمد اظہر الدین نے آج حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کی جانب سے سالانہ جنرل باڈی اجلاس کے انعقاد میں ناکامی کے انکشاف کے بعد کی گئی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ان کی اور اسوسی ایشن کے علاوہ حکومت کی جانب سے اس بات کی پوری کوشش کی گئی ہے کہ حیدرآباد میں آئی پی ایل میاچس کا انعقاد عمل میں لایا جائے۔ محمد اظہر الدین نے بتایا کہ حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کی اپیکس کونسل میں کوئی اختلافات نہیں ہیں اور جاریہ ماہ کی 28 تاریخ کو سالانہ جنرل باڈی اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا اور اس اجلا س میں عرصہ سے زیر التواء تمام امور پر بحث کے ذریعہ حل کرلیا جائے گا۔صدر حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن نے کہا کہ آئی پی ایل کے شہر میں انعقاد میں ان کی اور حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کی ناکامی کے الزامات بے بنیاد ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ جو لوگ انہیں مؤرد الزام ٹھہرانے کی کوشش کر رہے ہیں وہ ان پر کیچڑ اچھال رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کی جانب سے آئی پی ایل کے علاوہ دیگر میاچس کی میزبانی حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے سابقہ گورننگ باڈی کی جانب سے تلنگانہ میں کرکٹ کے فروغ کے لئے کام نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ گورننگ باڈی کی جانب سے تلنگانہ کے تمام اضلاع میں کرکٹ کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اگر سابقہ گورننگ باڈی کی جانب سے یہ کام کیا گیا ہوتا تو راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کے بعد تلنگانہ میں کوئی اور اسٹیڈیم کیوں تعمیر نہیں کیا گیا !انہوں نے بتایا کہ ان کی جانب سے اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے اور وہ بی سی سی آئی سے کہہ رہے ہیں کہ جنوبی ہند میں چینائی کے ساتھ ساتھ حیدرآباد میں بھی میاچس کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے اور ان میاچس کے انعقاد کے لئے حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کی جانب سے دوبارہ بی سی سی آئی سے نمائندگی کی جائے گی اور کہا جائے گا کہ وہ حیدرآباد میں آئی پی ایل کی میزبانی کو یقینی بنائے ۔