امریکی صدر کا اظہار مسرت ، پہلے امریکی صدر ہونے پر فخر
حیدرآباد۔27۔جون(سیاست نیوز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے حیدرآباد میں ان کے نام سے سڑک کو معنون کئے جانے پرمسرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ’’ٹروتھ‘‘ اکاؤنٹ پر دعویٰ کیا کہ وہ پہلے ایسے امریکی صدر بن گئے ہیں جن کے نام سے کسی اور ملک میں سڑک کو معنون کیاگیا ہے۔امریکی صدر نے اپنے ’’ٹروتھ‘‘ اکاونٹ پر جو تصویر پوسٹ کی ہے اس میں ڈپٹی چیف منسٹر و ریاستی وزیر فینانس ملو بھٹی وکرمارک کے علاوہ امریکی سفیرسیریو گور ڈونالڈ ٹرمپ ایونیو کی تختی کا اجراء کر رہے ہیں اور قونصل جنرل امریکہ متعینہ حیدرآباد مسز لارا ولیمس بھی موجود ہیں۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے سال گذشتہ اس بات کا اعلان کیا تھا کہ سڑکوں کو سیاسی قائدین کے ناموں سے معنون کرنے کے بجائے اسے سرکردہ شخصیات اور عالمی کمپنیوں میں خدمات انجام دینے والے سرکردہ عہدوں پر فائز افراد کے ناموں سے معنون کرنے کی منصوبہ بندی کی جانی چاہئے ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے اس فیصلہ کے بعد گچی باؤلی میں موجود امریکی سفارت خانہ کی سڑک کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے نام سے معنون کرنے کے اقدامات کی امریکی صدر کی جانب سے ستائش کے بعد مختلف گوشوں سے سراہنا کی جارہی ہے ۔ امریکی صدر نے دو یوم قبل ہوئی اس تقریب کی تصویر پوسٹ کی جس کے ساتھ ہی ہندوستان کے مختلف شہروں اور دنیا بھر کے کئی ممالک میں شہر حیدرآباد میں ریاستی حکومت کی جانب سے ڈونالڈ ٹرمپ کے نام سے سڑک معنون کئے جانے کی خبر تیزی سے پھیلنے لگی ہے اور اس پر کئی گوشوں سے تبصرے کئے جا رہے ہیں۔3/A/b