حیدرآباد ووٹر لسٹ میں SIR کا کام مکمل، 99.92 فیصد درخواستیں حل

   

موصولہ 3.96 لاکھ درخواستوں میں سے 3.33 لاکھ سے زیادہ منظور
حیدرآباد، 9 نومبر ]سیاست نیوز[ضلع حیدرآباد کے 15 اسمبلی حلقوں کی ووٹر لسٹ میں تبدیلیوں اور نئے نام شامل کرنے کے لیے موصول ہونے والے دعوؤں اور اعتراضات کو دور کرنے کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2 جون سے 7 اکتوبر 2026 تک آن لائن اور آف لائن کے ذریعے موصول ہونے والی 99.92 فیصد درخواستوں پر عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ 6 نومبر کی آدھی رات تک جملہ 3,96,756 درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جن میں سے 3,96,435 درخواستوں کو حل کر دیا گیا ہے ، جبکہ اب صرف 321 درخواستیں باقی ہیں۔حل کی گئی جملہ درخواستوں میں سے 3,33,560 درخواستوں کو منظور کیا گیا جبکہ 62,875 درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔ فارم-6 کے ذریعے نئے ووٹر رجسٹریشن کے لیے جملہ 2,18,005 درخواستیں موصول ہوئیں۔ ان میں سے 2,17,965 درخواستوں کو حل کیا گیا، جن میں 1,86,579 درخواستیں منظور اور 31,386 مسترد کی گئیں، جبکہ صرف 40 درخواستیں باقی ہیں۔ بیرون ملک مقیم ہندوستانی ووٹرس کے اندراج کے لیے فارم-6A کے تحت موصول ہونے والی 4,591 درخواستوں میں سے 4,555 درخواستوں کو حل کیا گیا، جن میں 2,310 منظور اور 2,245 مسترد کی گئیں، جبکہ 36 درخواستیں باقی ہیں۔ اس کے علاوہ ووٹر لسٹ سے ناموں کو ہٹانے اور اعتراضات سے متعلق فارم-7 کے تحت 11,505 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 11,277 درخواستوں کو حل کیا گیا۔ ان میں 8,323 درخواستیں منظور اور 2,954 مسترد کی گئیں، جبکہ 228 درخواستیں ابھی باقی ہیں۔2