حیدرآباد کیلئے محکمہ موسمیات کا ریڈ الرٹ

   

آج سے پیر تک شدید بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔29۔اگسٹ(سیاست نیوز) موسم باراں کے آغاز کے بعد محکمہ موسمیات نے شہر حیدرآباد کیلئے پہلی مرتبہ ریڈ الرٹ جاری کرکے 30 اگسٹ تا2ستمبر موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ محکمہ کے انتباہ میں کہا گیا کہ دونوں شہروں میں 30 اور31 اگسٹ کو موسلادھار بارش کے امکانات ہیں ۔محکمہ سے بیشتر اضلاع اور مواضعات کیلئے زرد الرٹ جاری کیا گیا جبکہ حیدرآبادو سکندرآباد کے اطراف اور اضلاع کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے ۰ کہا جا رہاہے کہ آئندہ دو یوم میں حیدرآباد ‘ سکندرآباد‘ میڑچل ۔ ملکا جگری ‘ وقارآباد کے علاوہ رنگاریڈی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔جاریہ موسم باراں میںشہر میں معمول سے 14 فیصد زیادہ بارش ہوچکی ہے ۔ تاحال دونوں شہروں میں موسم باراں کے دوران مجموعی 511.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور آئندہ دو یوم میںمزید بارشوں کا امکان ہے ۔انتباہ کے بعد بلدیہ حیدرآباد سے ای وی ڈی ایم اور ڈی آر ایف عملہ کو متحرک رہنے احکام جاری کئے ہیں اورانہیں نشیبی علاقوں اور شہر میں جن مقامات پر پانی جمع ہونے کی شکایات ہوتی ہیں ان پر گہری نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔خانگی ماہرین موسمیات کی جانب سے گذشتہ یوم تلنگانہ میں بھاری بارشوں کی پیش قیاسی کے بعد آج محکمہ موسمیات سے انتباہ نے خانگی ماہرین کی پیش قیاسی کی توثیق کردی ہے ۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق 29 اگسٹ کی رات دیر گئے دونوں شہرو ںمیں بارش کا سلسلہ شروع ہونے کے امکانات کا اظہار کیا گیا ہے۔3