آبادی کے درمیان تعمیر کی ہدایت، 11 لاکھ میں 5 لاکھ حکومت کی سبسیڈی ، ہاؤزنگ اسکیم پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔24 ۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیدرآباد اور اطراف کے کیور اربن ریجن میں اندراماں ہاؤزنگ اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے آبادی والے علاقوں میں مکانات کی تعمیر کی ہدایت دی تاکہ غریب خاندانوں کو روزگار اور بنیادی سہولتیں بآسانی حاصل ہوسکیں۔ چیف منسٹر نے وزیر ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی اور وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کے ہمراہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیور اربن ریجن کے تحت اندراماں ہاؤزنگ اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ شہری علاقوں اور خاص طور پر کیور اربن ریجن میں مکانات کیلئے آن لائین درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوچکا ہے ۔ چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ آوٹر رنگ روڈ کے حدود میں مختلف سرکاری محکمہ جات کی غیر مستعملہ اراضی کی نشاندہی کی جائے ۔ حکام نے مختلف اسمبلی حلقوں میں پہلے سے شناخت کردہ اراضی کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ حیدرآباد کے 17 اسمبلی حلقہ جات میں اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے پہلے مرحلہ کا آغاز ہوا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پولیس ، ریونیو اور ٹرانسپورٹ محکمہ جات کی غیر مستعملہ اراضی کو رہائشی اسکیم کے لئے استعمال کیا جائے اور ان محکمہ جات کو دیگر مقامات پر متبادل اراضی فراہم کی جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اگر اندراماں مکانات آبادی سے دور تعمیر کئے گئے تو استفادہ کنندگان کو ملازمت اور روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں مشکلات پیش آئیں گی۔ ایسی رہائش گاہوں کے غیر موثر ہونے کا اندیشہ رہے گا۔ اس کے برخلاف اگر مکانات کام کی جگہ اور آبادی کے قریب تعمیر کئے جائے تو غریب خاندانوں کا ذریعہ معاش محفوظ رہے گا۔ حکومت نے کیور اربن ریجن کے مختلف اسمبلی حلقہ جات میں اندراماں مکانات کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ ہمہ منزلہ عمارتوں میں ہر فلیٹ تقریباً 528 مربع فٹ کے تعمیری رقبہ اور 400 مربع فٹ کے کارپٹ ایریا پر مشتمل رہے گا۔ ایک فلیٹ کی تعمیر پر تقریباً 11 لاکھ روپئے کی لاگت آئے گی جس میں حکومت 5 لاکھ روپئے کی سبسیڈی فراہم کرے گی جبکہ استفادہ کنندگان کو باقی 6 لاکھ روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ اراضی کی مکمل لاگت حکومت خود برداشت کرے گی۔ پہلے مرحلہ میں 17 اسمبلی حلقہ جات میں 7680 فلیٹس تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے۔ ان حلقہ جات میں راجندر نگر ، مہیشورم ، شیر لنگم پلی ، ابراہیم پٹنم ، ملکاجگیری ، نامپلی ، خیریت آباد ، جوبلی ہلز ، کاروان ، بہادر پورہ، کوکٹ پلی ، عنبر پیٹ ، میڑچل ، قطب اللہ پور، صنعت نگر ، سکندرآباد کنٹونمنٹ اور ملک پیٹ شامل ہیں۔ چیف منسٹر نے عہدیداروںکو ہدایت دی کہ اسمبلی حلقہ جات میں موجود فاضل سرکاری اراضی کی نشاندہی کا عمل تیز کریں۔ اجلاس میں ریاستی وزراء کے علاوہ ڈائرکٹر جنرل پولیس سی وی آنند ، اسپیشل چیف سکریٹری آر اینڈ بی وکاس راج ، چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری این سریدھر ، وی شیشادری ، سکریٹری محکمہ مال لوکیش کمار ، کمشنر ایچ ایم ڈی اے سرفراز احمد ، اسپیشل سکریٹری ہاؤزنگ وی پی گوتم، کلکٹر حیدرآباد پرینکا آلا اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔1/k/m/b