حیڈرا کمشنر رنگناتھ کا حکام کے ساتھ دورہ بنگلورو

   

جھیلوں اور تالابوں کے تحفظ کے اقدامات کا جائزہ لیں گے
حیدرآباد۔/7 نومبر، ( سیاست نیوز) بنگلورو میں ذخائر آب کے تحفظ اور غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی پر حکام کی کارروائیوں کا جائزہ لینے کیلئے حیڈرا کمشنر رنگاناتھ بنگلورو پہنچے۔ وہ دو دن بنگلورو میں مختلف جھیلوں اور تالابوں کا معائنہ کریں گے جنہیں ترقی دے کر حکومت نے احیاء عمل میں لایا ہے۔ حیڈرا عہدیدار چہارشنبہ کو ہی بنگلورو پہنچ گئے جبکہ کمشنر رنگناتھ آج بنگلورو پہنچے۔ جھیلوں کے احیاء و آفات سماوی کی صورت میں زیر آب آنے والے علاقوں کے بچاؤ پر جائزہ لیا جائے گا۔ کرناٹک اسٹیٹ نیچرل ڈیزاسٹر مینجمنٹ سنٹر کا تلنگانہ کے عہدیدار معائنہ کریں گے اور وہاں سائینسدانوں اور ماہرین کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ جھیلوں کے تحفظ کے علاوہ ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات کا جائزہ لیا جائیگا۔ بنگلورو سنٹرل سٹی میں موجود ذخائر آب کا معائنہ کیا جائیگا۔ بتایا گیا کہ رنگناتھ بنگلورو میں لیک میان آف انڈیا آنند گائیکواڈ سے ملاقات کرینگے۔ کرناٹک ٹینک کنزرویشن ڈیولپمنٹ سے متعلق قانون 2014 کا جائزہ لیا جائے گا۔ رنگناتھ اور دیگر عہدیدار الیکٹرانک سٹی کے قریب تالابوں کا معائنہ کرینگے۔ تالابوں کے تحفظ کیلئے کرناٹک حکومت نے کئی قدم اٹھائے ہیں اور اسے کامیابی ملی ہے۔ حیدرآباد اور اس کے اطراف پانچ جھیلوں اور تالابوں کے تحفظ کیلئے حیڈرا نے مساعی شروع کی ہے۔ آبگیر علاقوں میں غیرمجاز تعمیرات کی نشاندہی کی جارہی ہے۔ بنگلورو میں جھیلوں اور تالابوں کے تحفظ کا جائزہ لینے کے بعد حیڈرا اپنی حکمت عملی طئے کرے گا۔1