خانگی جونیر کالجس میں طلبہ کی سلامتی کیلئے فائر سیفٹی پر عمل آوری

   

کالجس انتظامیہ کے ساتھ کمشنر حیڈرا رنگناتھ اور سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کا اجلاس
حیدرآباد 25 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے زیراہتمام خانگی جونیر کالجس کے انتظامیہ کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا۔ کمشنر حیڈرا اے وی رنگناتھ اور سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن شریمتی ابھیلاشا ابھینو آئی اے ایس نے شرکت کی۔ اجلاس میں طلبہ کے تحفظ اور کالجس کی عمارتوں میں فائر سیفٹی رہنمایانہ خطوط کا جائزہ لیا گیا۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اور حیڈرا کے عہدیداروں نے تلنگانہ پرائیوٹ جونیر کالجس مینجمنٹ اسوسی ایشن کے نمائندوں کو عمارتوں میں درکار سہولتوں اور خاص طور پر فائر سیفٹی اقدامات سے واقف کرایا۔ کالجس کے نمائندوں نے اِس بارے میں اپنی رائے اور تجاویز پیش کیں۔ آئندہ تعلیمی سال سے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن اور فائر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کالجس میں فائر این او سی کا جائزہ لینے کے لئے انٹیگریٹیڈ سافٹ ویر تیار کیا جارہا ہے۔ اجلاس میں طلبہ کے تحفظ اور سلامتی سے متعلق اُمور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اور حیڈرا نے طلبہ کی بھلائی اور تحفظ کے سلسلہ میں مشترکہ طور پر ایکشن پلان تیار کرنے اور عمل آوری کا فیصلہ کیا۔ کالجس میں فائر این او سی اور دیگر سیفٹی اقدامات پر سختی سے عمل آوری کے لئے کالجس کے نمائندوں کے ساتھ آئندہ بھی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تعلیمی اداروں کے انتظامیہ کو حیڈرا اور فائر ڈپارٹمنٹ کے رہنمایانہ خطوط سے واقف کرایا جائے گا۔ کمشنر حیڈرا نے کہاکہ فائر سیفٹی اقدامات کا بنیادی مقصد طلبہ کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے طلبہ، سرپرستوں اور کالجس کے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ گمراہ کن خبروں اور افواہوں کا شکار نہ ہوں۔ طلبہ اور سرپرستوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بورڈ کی جانب سے وقتاً فوقتاً جاری کی جانے والی ہدایات پر عمل کریں۔V/1