نئی دہلی 28 مئی (یواین آئی) مرکزی حکومت نے سال 2025-26 میں خریف کی فصل کے لیے دھان، باجرہ، مکئی، اُڑد، مونگ پھلی اور سورج مکھی کے بیج سمیت 14 فصلوں کی کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) میں اضافے کا اعلان کیا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں چہارشنبہ کو یہاں اقتصادی امور کی کابینہ کمیٹی کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی گئی۔ میٹنگ کے بعد اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی وشنو نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ 14 خریف فصلوں کے ایم ایس پی میں اضافے کو مارکیٹنگ سیزن 2025-26 کے لیے منظوری دے دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے ایم ایس پی میں سب سے زیادہ اضافہ نائجر سیڈ میں 820 روپے فی کوئنٹل، راگی میں 596 روپے فی کوئنٹل، کپاس میں 589 روپے فی کوئنٹل اور تل کی قیمت میں 579 روپے فی کوئنٹل کا اضافہ ہوا ہے ۔