خواتین ریزرویشن بل پر تمام جماعتوں کو وزیراعظم کا مکتوب

   

نئی دہلی، 12 اپریل (یو این آئی) خواتین کے ریزرویشن بل کے وقت کے تعلق سے ناراض اپوزیشن کے ساتھ اتفاق رائے پیدا کرنے کی حکومتی کوششوں کے درمیان، وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈروں کو خط لکھ کر بل کو اتفاق رائے سے منظور کرنے کی اپیل کی ہے ۔ مودی نے لوک سبھا اور اسمبلیوں میں خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن دینے سے متعلق اس بل کو منظور کرانے کیلئے جمعرات سے ایک بار پھر شروع ہورہے پارلیمنٹ کے اجلاس سے قبل ہفتہ کو لکھے گئے خط میں اس بل پر ہوئی بحث کو تاریخی قرار دیتے ہوئے اسے جمہوریت کو مزید مضبوط بنانے کا موقع قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بارے میں سب کے اجتماعی عزم کے جذبے کے ساتھ یہ خط لکھ رہے ہیں۔ H/A
انہوں نے کہا کہ “16 اپریل سے پارلیمنٹ میں ‘ناری شکتی وندن ادھینیم’ سے متعلق ایک تاریخی بحث ہونے جا رہی ہے ۔ یہ خصوصی اجلاس ہماری جمہوریت کو مزید مضبوط بنانے کا ایک موقع ہے ۔ یہ ایک ایسا لمحہ بھی ہے جب ہم سب مل کر آگے بڑھنے اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کے اپنے اجتماعی عزم کو دہرا سکتے ہیں۔ میں اسی جذبے اور مقصد کے ساتھ آپ کو یہ خط لکھ رہا ہوں۔” وزیر اعظم نے ارکان پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ وہ اس بل کو ایک آواز میں منظور کرنے کے لیے جماعتی سیاست سے اوپر اٹھ کر اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ “میں یہ خط اس لیے لکھ رہا ہوں تاکہ ہم سب ایک آواز میں اس ترمیم کو منظور کرنے کے لیے متحد ہوں۔ یہ اچھا ہوگا کہ زیادہ سے زیادہ ارکان پارلیمنٹ اس موضوع پر پارلیمنٹ میں اپنے خیالات کا اظہار کریں۔ یہ لمحہ کسی ایک پارٹی یا فرد سے بالاتر ہے ۔ یہ خواتین اور ہماری آنے والی نسلوں کے تئیں ذمہ داری دکھانے کا وقت ہے ۔ چونکہ تمام سیاسی جماعتیں طویل عرصے سے سیاست میں خواتین کی شرکت بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتی رہی ہیں، اس لیے اب اس خواہش کو حقیقت میں بدلنے کا یہ صحیح وقت ہے ۔ یہ ملک کی ناری شکتی اور 140 کروڑ ہندوستانیوں کے لیے ایک عظیم کامیابی ہوگی۔ مجھے پورا یقین ہے کہ ہم سب ایک ساتھ آ کر پارلیمنٹ میں اس تاریخی کام کو مکمل کریں گے ۔”