لالچ کا شکار نہ ہو ، نیشنل ووٹرس ڈے تقریب سے گورنر جشنودیو ورما کا خطاب
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کے گورنر جشنودیو ورما نے کہا کہ 18 سال عمر کے نوجوانوں کو حق رائے دہی کا حق دیا گیا ہے ۔ ہر نوجوان اس دستوری حق کا استعمال کریں۔ رویندرا بھارتی میں ہفتہ کو 15 واں ووٹر ڈے منایا گیا ۔ اس تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ گورنر نے کہا کہ قومی یوم حق رائے دہی (ووٹرس ڈے ) کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ہر رائے دہندہ ذمہ داری سے حق رائے دہی سے استفادہ کریں ۔ گورنر جشنودیو ورما نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ کسی لالچ کا شکار ہوئے بغیر اپنے دستوری حقوق کا استعمال کریں ۔ 18 سال عمر مکمل کرنے والے نوجوان فہرست رائے دہندگان میں اپنے ناموں کا اندراج کرائے ۔ بیسٹ پریکٹس ایواڈ 2024 حاصل کرنے والے آئی اے ایس آفیسرس ہنومنتی کونییا ، راج رشی شاہ ، آشیس سنگوان ، وینکٹیش دوترے ، پی ونسیا ، انوپ درشٹی ، بی راہول ، گریما اگروال ، آدرش سروبھی ، اسسٹنٹ آئی جی رمنا کمار ، اے سی پی اسپیشل برانچ ورنگل جتیندر ریڈی ، آر ڈی او این جگدیشور ریڈی ، انسپکٹر بی تروپتی ، تحصیلدار سرینواس ریڈی اے ائی آر او وجئے کمار کے علاوہ دیگر نے ایوارڈس حاصل کیا ۔ اس سے قبل تلنگانہ اسٹیٹ آئیکان پر ایک مختصر فلم کی نمائش کی گئی ۔ جمہوریت پر ایقان کے ساتھ ہمارے ملک کی جمہوری روایات ، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ کردار اور پرامن انتخابات کی روایت کو برقرار رکھنے اور ہر الیکشن میں بلا خوف ووٹ ڈالنے کا عہد کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنر جشنودیو ورما نے تلنگانہ ووٹر لسٹ کی تفصیلات پر مشتمل کتاب کی رسم اجرائی کی ۔ اس موقع پر تلنگانہ الیکشن کمشنر ریٹائرڈ آئی اے ایس رانی کمودنی ، تلنگانہ چیف الیکٹورل آفیسر سی سدرشن ریڈی ، ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر لوکیش کمار ، جی ایچ ایم سی کے کمشنر المبرتی کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔۔ 2