چیف منسٹر دلت امپاورمنٹ اسکیم پر مالیاتی سال سے عمل آوری، چندر شیکھر راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اعلان کیا کہ تلنگانہ ریاست میں دلتوں کو ترقی دینے اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے 1000 کروڑ روپئے مختص کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے کہا کہ آنے والے مالیاتی سال سے چیف منسٹر دلت امپاورمنٹ اسکیم پر عمل آوری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم پر عمل آوری کیلئے آنے والے بجٹ میں 1000 کروڑ روپئے کا خصوصی فنڈ قائم کیا جائے گا۔ دلتوں کو برسوں سے نظرانداز کیا جاتا رہا ہے ان کی حالت کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ فنڈز کی منظوری اور اس کے موثر استعمال کیلئے سپریم کورٹ کا ضمنی منصوبہ پہلے ہی سے موجود ہے۔ ریاستی حکومت بھی دلتوں کی زندگی کو ترقی دینے کیلئے سخت کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم پر موثر عمل آوری کیلئے وہ خود راست نگرانی کریں گے۔ چیف منسٹر آج یہاں ہالیا منڈل پالیم میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے انہوں نے یہاں 13 لفٹ اریگیشن اسکیمات کیلئے سنگ بنیاد رکھا۔ چندر شیکھر راؤ نے نلگنڈہ ضلع میں میونسپلٹیوں اور مقامی بلدیات کو مضبوط بنانے کیلئے 186 کروڑ روپئے کی مالیاتی امداد کا بھی اعلان کیا۔ چیف منسٹر اسپیشل فنڈ سے ضلع نلگنڈہ میں 844 گرام پنچایتوں کیلئے فی پنچایت 20 لاکھ روپئے کا بھی اعلان کیا۔ چندر شیکھر راؤ نے ضلع نلگنڈہ کے پینے کے پانی کے مسئلہ کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کا عہد کیا۔گوداوری ندی سے کرشنا ندی کو پانی منتقل کرنے کیلئے 600 کروڑ کا پراجکٹ شروع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ تحریک کے دوران اس کا وعدہ کیا تھا۔
چیف منسٹر نے 13آبپاشی
اسکیمات کا سنگ بنیاد رکھا
حیدرآباد : چیف منسٹرتلنگانہ کے چندرشیکھرراؤ نے ضلع نلگنڈہ کے نیلاکالو میں نیلاکالولفٹ اریگیشن اسکیم اور دیگر 12لفٹ اریگیشن اسکیمات کیلئے سنگ بنیاد رکھا۔ان آبپاشی پراجیکٹس کی تعمیر پر تقریبا تین ہزار کروڑروپئے کا صرفہ عائد ہوگا۔ چیف منسٹر 12.40بجے ہیلی کاپٹر سے نیلہ کونڈہ پہنچے اور وہاں سے نیلاکالو پہنچے جہاں انہوں نے پوجا کی۔چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے لفٹ اریگیشن اسکیمات کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔