بیجنگ : شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ژانگ منگ نے کہا ہے کہ کچھ عرب ممالک جیسے سعودی عرب، کویت، امارات، بحرین، مصر اور قطر ڈائیلاگ پارٹنر کے طور پر شنگھائی تعاون تنظیم کے خاندان کے رکن بن چکے ہیں اور دیگر بعض نے تنظیم میں بطور رکن الحاق کا عمل شروع کرنے کی منظوری حاصل کرلی ہے۔شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو خصوصی انٹرویو دیا اور انکشاف کیا کہ بعض عرب ملکوں کی جانب سے شنگھائی تنظیم میں مکمل رکنیت حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔ ژانگ منگ نے کہا کہ شنگھائی کوآرڈینیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کھلے پن کے اصول پر قائم ہے یعنی اس تنظیم کے دروازے خطے کے تمام ملکوں کیلئے اس وقت تک کھلے ہیں جب تک یہ ممالک اقوام متحدہ کے چارٹر اور شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر کے اصولوں کا خیرمقدم کرتے یا اسے تسلیم کرتے ہیں۔ ترکیہ جو ناٹو کارکن بھی ہے کی جانب سے شنگھائی تنظیم میں شمولیت کی درخواست پر اپنی رائے دیتے ہوئے ایس سی او کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ترکیہ بھی شنگھائی خاندان کا ایک ڈائیلاگ پارٹنر کے طور پر رکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا تاہم کوئی بھی رکن جو شنگھائی تنظیم میں مکمل رکن کے طور پر شامل ہونا چاہتا ہے اسے پہلے الحاق کی درخواست جمع کرانی ہوگی۔ ہم نے تاحال ترکیہ کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم میں شامل ہونے کی درخواست موصول نہیں کی ہے۔