دنیا کی سب سے چھوٹی مسجد کی مرمت اشد ضروری،میر عالم تالاب کے قریب مسجد میر محمود شاہؒ خستہ حالی کا شکار

   


حیدرآباد :۔ میر عالم تالاب کے قریب موجود مسجد میر محمود شاہ یا جِن کی مسجد کی فوری مرمت کرنے کی ضرورت ہے ۔ جس کے بارے میں سمجھا جاتا ہے کہ یہ دنیا کی سب سے چھوٹی مسجد ہے ۔ سولہویں صدی کی یہ مسجد ، جو سائز میں 110 مربع فیٹ ہے ۔ ایک پہاڑی پر واقع ہے اس پہاڑی کا نام میر محمود کی پہاڑی ہے جہاں سے میر عالم تالاب نظر آتا ہے ۔ اس مسجد کی چہار دیواری میں ایک درگاہ ہے ۔ جسے میر محمود نے تعمیر کروایا تھا جو ایک صوفی تھے اور وہ گولکنڈہ کی سلطنت کے ساتویں حکمران عبداللہ قطب شاہ کے دور حکومت کے دوران عراق سے یہاں آئے تھے ۔ اس مسجد میں قطب شاہی فن تعمیر کے روایتی انداز ہیں بشمول کنگورے اور ایک بڑی کمان جس کے نیچے ایک صاف چھوٹی جگہ ہے لوگوں کو نماز کی ادائیگی کے لیے ۔ اس قدیم قطب شاہی مسجد کے مختلف حصے خستہ حالت میں ہے ، واساماہا کنسلٹنٹس کی رپورٹ میں اس بات کو نمایاں کیا گیا ہے ۔ اس رپورٹ میں کہا گیا کہ ’ درگاہ میں زیادہ تر کتبے ، نقش ، جالی ورک اور استرکاری کام برسوں میں مٹ گئے ہیں اور اس کی فوری مرمت کرنے کی ضرورت ہے ۔ لیکن چند باقیات سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ مقبرہ ایک اچھا آرٹ ورک ہے ۔ گنبد کے اندر صندوق ہے جس میں چند متبرک چیزیں ہیں جسے بہت کم کھولا جاتا ‘ ۔ اس کے علاوہ اس مسجد کی چھت سے چونے کا پلاسٹر جھڑتا جارہا ہے ۔ نیز اس مسجد کو جانے کا راستہ خطرناک ہے جس پر ہر جگہ پتھر پڑے ہوئے ہیں ۔ مسجد کے اوپر جانے کی سیڑھیوں کے لیے ریلنگس نہیں ہے ۔ یہ مسجد اس قدر چھوٹی ہے کہ اس میں بیک وقت صرف پانچ لوگ ہی نماز ادا کرسکتے ہیں ۔۔