دنیا کے 110 ممالک میں کورونا وائرس میں اضافہ

   

عالمی ادارہ صحت کا اظہار تشویش ، ویکسین لینے والے محفوظ
حیدرآباد۔30جون(سیاست نیوز) دنیا کے 110ممالک میں دوبارہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہونے لگا ہے ۔عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے ساتھ اس کی اقسام کے متعلق تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں کیونکہ اومیکرون کے متاثرین میں کوئی خطرناک علامات نہیں پائی جا رہی ہیں لیکن اس کے برعکس ڈیلٹا ویریئنٹ کے مریضوں میں بھی اضافہ دیکھا جانے لگا ہے جس پر عالمی ادارۂ صحت کے عہدیداروں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جن ممالک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے ان ممالک کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آرٹی پی سی آر معائنوں کو یقینی بنانے کے علاوہ کورونا وائرس کی قسم کی جانچ کے اقدامات کریں تاکہ اس بات کا پتہ چلایا جاسکے کہ مریضوں میں کونسی قسم زیادہ تیز رفتار سے پھیل رہی ہے۔ دنیا بھر میں پائے جانے والے مریضوں کے متعلق عالمی ادارہ صحت کی جانب سے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی اور ان ممالک کو مشورہ جہاں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے کو دیکھتے ہوئے امریکہ کے علاوہ دیگر ممالک میں ماسک کا لزوم واپس آنے لگا ہے لیکن شہری بلدیات کی جانب سے مریضوں کے اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد ہی یہ فیصلہ کیا جا رہاہے ۔بتایاجاتا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کے ماہرین کا کہناہے کہ کورونا وائرس کا ٹیکہ لینے والے افراد جو کورونا وائرس سے متاثر ہورہے ہیں ان میں کوئی شدید علامات ظاہر نہیں ہورہی ہیں جس کی بنیادی وجہ ان میں پیدا ہونے والی قوت مدافعت ہے۔ہندستان کی بعض ریاستوں میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ دیکھا جا رہاہے لیکن بیشتر مریض اومیکرون نامی قسم کا شکار ہورہے ہیں جس میں اعضائے رئیسہ کے لئے کوئی خطرات نہیں ہیں۔م