چیف منسٹر ریونت ریڈی کی انسانی ہمدردی، ڈاکٹر چناریڈی کی مساعی
حیدرآباد 21 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جگتیال سے تعلق رکھنے والے ایک غریب خاندان کو 5 لاکھ روپئے کی امداد منظور کی۔ اِس خاندان سے تعلق رکھنے والے اے گنگارام کی دوبئی میں ملازمت کے دوران طبیعت بگڑ گئی اور حیدرآباد میں علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکا۔ چیف منسٹر پرجا وانی پروگرام کے انچارج اور تلنگانہ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین ڈاکٹر جی چناریڈی نے مہلوک کی بیوہ کو 5 لاکھ روپئے کا چیک حوالے کیا۔ گنگارام کو طبیعت بگڑنے پر دوبئی سے حیدرآباد کے نمس منتقل کیا گیا تھا جہاں علاج کے دوران موت واقع ہوئی۔ اسٹیٹ این آر آئی اڈوائزری کمیٹی کے صدرنشین ڈاکٹر بی ایم ونود کمار، وائس چیرمین ایم بھیم ریڈی اور اڈوائزری کمیٹی کے ارکان اِس موقع پر موجود تھے۔ 61 سالہ گنگارام 12 نومبر 2025ء کو گردے کے عارضہ کے سبب کوما میں چلے گئے جنھیں دوبئی کے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا۔ بعد میں اُنھیں حیدرآباد کے نمس منتقل کیا گیا۔ خاندان کی کمزور معاشی حالت کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 5 لاکھ روپئے کی امداد منظور کی اور جی او نمبر 216 جاری کیا گیا۔ خلیجی ممالک میں فوت ہونے والے تلنگانہ ورکرس کے خاندانوں کے لئے حکومت نے 5 لاکھ روپئے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ پرجا وانی پروگرام میں نمائندگی کے بعد ڈاکٹر چناریڈی نے یہ معاملہ چیف منسٹر سے رجوع کیا جس پر خصوصی کیس کے طور پر چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے 5 لاکھ روپئے منظور کئے گئے۔ اسٹیٹ نوڈل آفیسر دیویا دیوا راجن نے چیف منسٹر کے او ایس ڈی سرینواسلو کو اِس واقعہ سے واقف کرایا اور مالی تعاون کی اپیل کی۔ واضح رہے کہ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ایسے خاندانوں کی مدد کی جارہی ہے جن کے افراد کی ملازمت کے دوران خلیجی ممالک میں موت واقع ہوئی ہو۔V/1/k/b