دوران پرواز ترکش ایئرلائن کے پائلٹ کا انتقال

   

انقرہ: ترکش ایئرلائن کا ایک پائلٹ دوران پرواز انتقال کر گیا جس کے بعد ترکیہ کی قومی ایئرلائن نیویارک میں ہنگامی لینڈنگ کرنے پر مجبور ہوگئی۔میڈیا کے مطابق ایئر لائن کے ترجمان یحییٰ استن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہوائی جہاز نے منگل کی شام امریکہ کے مغربی ساحلی شہر سیئٹل سے اڑان بھری تھی۔انہوں نے کہا کہ ہماری سیئٹل سے استنبول ایئربس 350 کی پرواز TK 204 کا پائلٹ دوران پرواز گر گیا، ابتدائی طبی امداد دینے کی کوشش کے بعد دوسرے پائلٹ اور عملہ نے ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا لیکن پائلٹ لینڈنگ سے پہلے ہی دم توڑ گیا۔ ترجمان نے لکھا کہ 2007سے ترکش ایئر لائنز کے لیے کام کرنے والے 59 سالہ پائلٹ نے مارچ میں طبی معائنہ کرایا تھا جس میں صحت کے مسائل کا کوئی اشارہ نہیں ملا تھا۔ہنگامی لینڈنگ کے بعد مسافروں نے راحت کی سانس لی۔