حیدرآباد 11 فروری (سیاست نیوز) دہلی شراب اسکام میں رکن پارلیمنٹ کے فرزند کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ریاست آندھراپردیش سے گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ ای ڈی نے رکن پارلیمنٹ اونگول وائی ایس آر کانگریس ماگنٹہ سرینواسلو ریڈی کے فرزند ماگنٹہ راگھوا کو گرفتار کرلیا اور عدالت نے راگھوا کو 10 دن کی ای ڈی تحویل میں دے دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ دہلی شراب اسکام میں 100 کروڑ روپئے کی ہیرا پھیری کے راگھوا پر الزامات پائے جاتے ہیں۔ ساؤتھ گروپ کی جانب سے ادا شدہ 100 کروڑ روپیوں کی رقم میں راگھوا کا رول پایا جاتا ہے۔ تاحال اس معاملہ میں گرفتار افراد سے راگھوا کے خوشگوار تعلقات کا ای ڈی نے خلاصہ کیا ہے۔ شراب اسکام معاملہ میں پیشرفت کا تذکرہ کرتے ہوئے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے عدالت سے راگھوا کی تحویل کی درخواست کی تھی اور ای ڈی کے دلائل کو دیکھتے ہوئے عدالت نے راگھوا کو 10 دن کی ای ڈی تحویل میں دے دیا۔