نئی دہلی: دہلی میں سرعام ایک لڑکی کے اغوا کے واقعہ سے سنسنی پھیل گئی۔ سوشل میڈیا پرایک ویڈیو تیزی کے ساتھ وائرل ہورہا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح سے منگول پوری علاقہ سے تین نوجوانوں نے سرعام ایک لڑکی کا اغوا کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) بیرونی ضلع ہریندر کمار سنگھ نے کہا کہ یہ ویڈیو ہفتہ کی رات ان کے نوٹس میں آیا ، انہوں نے کہا کہ گاڑی اور ڈرائیور کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔ دو لڑکوں اور ایک لڑکی نے روہنی سے وکاس پوری جانے کیلئے اوبر کے ذریعہ گاڑی بک کرائی تھی۔ راستے میں ان کے درمیان جھگڑا اور ہاتھا پائی ہوئی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکا لڑکی کو زبردستی کار کے اندر دڈھکیل رہا ہے۔ ٹیکسی کے مالک کی شناخت گڑگاؤں کے رہائشی کے طور پر ہوئی ہے اور وہاں ایک ٹیم بھیجی گئی ہے۔ عہدیدار نے کہا کہ تمام ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔