نئی دہلی: دہلی کے روہنی علاقے میں ایک نوجوان کو پرانی دشمنی کے بعد دو نابالغوں سمیت تین افراد نے چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا، ایک پولیس اہلکار نے جمعہ کو بتایا۔ پولیس نے ایک 18سالہ نوجوان کو گرفتار کیا ہے، جس کی شناخت سمیت ساگر کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دو نابالغوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق چہارشنبہ اور جمعرات کی درمیانی شب امن وہار پولیس اسٹیشن میں واقعہ کے حوالے سے ایک فون موصول ہوا جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی۔ موقع پر پہنچ کر پتہ چلا کہ زخمیوں کو سنجے گاندھی میموریل اسپتال منگل پوری منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس ٹیم اسپتال پہنچی اور پتہ چلا کہ زخمی علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ متوفی کی شناخت امن وہار کے رہنے والے انشول کے طور پرکی گئی ہے اور مبینہ لڑکوں نے اس کی بائیں ران پر چھراگھونپ دیا تھا۔ ڈی سی پی نے کہا لاش کو ہسپتال میں محفوظ کر لیا گیا ۔ دوران تفتیش سی سی ٹی وی فوٹیجز، ٹیکنیکل سرویلنس اور ہیومن انٹیلی جنس کی بنیاد پر قتل کا مقدمہ حل کرکے ملزمان کوگرفتار کرلیا گیا۔ ڈی سی پی نے کہا، ملزان کے کہنے پر، جرم میں استعمال ہونے والے دو چاقو اورکپڑے برآمد کیے گئے ہیں۔ ملزم سمیت ساگر عرف انڈا پہلے بھی کئی مجرمانہ معاملات میں ملوث پایا گیا ہے۔ ڈی سی پی نے مزید کہا ملزمان کے مطابق ان کی مقتول کے ساتھ سابق دشمنی تھی اور بدلہ لینے کیلئے انہوں نے مقتول کی ران پر چھرا گھونپا تھا۔