نئی دہلی۔پولیس نے بتایا کہ نارتھ ویسٹ دہلی کے جہانگیر پوری کے فلیٹ میں منگل کے روز ایک ماں اور اس کے معصوم بیٹے کی نعش دستیاب ہوئی ہے۔
متوفیوں کی شناخت 36سالہ پوجا اوران کے بارہ سالہ بیٹے ہرش کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ واقعہ جہانگیر پوری میں کے بلاک کے فلیٹ میں پیش آیاہے۔ پوجا جس کے شوہر کی موت دوسال قبل ہوئی ہے‘ ایک خانگی کمپنی میں ملازم تھیں۔
جہانگیر پوری پولیس عہدیدار نے ائی اے این ایس کو بتایا کہ”متوفیوں کے پڑوسیوں کو بدبو کا احساس ہونے کے بعد منگل کے روز پولیس کنٹرول روم کو فون کال کیا۔ موقع پر پہنچنے کے بعد پولیس نے فلیٹ کا دروازہ توڑ ا جہاں سے انہیں متوفیوں کی نعشیں برآمد ہوئیں“۔
انہوں نے مزیدکہاکہ”متوفیوں کے پڑوسیوں نے جانکاری دی ہے کہ فلیٹ پچھلے دو تین دنوں سے مقفل تھا“۔پولیس کے مطابق مذکورہ فلیٹ میں جبراً داخل ہونے کا کوئی نشان نہیں تھا۔اس سے اندازہ لگایاجاسکتا ہے کہ جرم انہیں جاننے والوں میں سے کسی نے انجام دیاہے۔
قتل کی منشاء کا ابھی تک پولیس اندازہ لگانے سے قاصر ہے۔پوجا کی ماں جو اسی علاقے میں رہتی ہیں‘پولیس کے مطابق ماں کو حملہ آوروں کے متعلق کوئی اندازہ نہیں ہے۔
پولیس کو شبہ ہے کہ پہلے عورت کا قتل کیاگیا اور پھربیٹے کو مارا گیا ہے‘ جو ایسا لگ رہا ہے کہ قتل کا گواہ ہوگیاتھا۔
پولیس نے ایف ائی آر درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بابو جگجیون رام اسپتال کو بھیج دیاگیاہے