نئی دہلی 9 نومبر ( ایجنسیز ) بی جے پی کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی جانب سے دیوالی کو ’خوشیوں کی عید‘ قرار دینے پر تنقید کی ہے۔ بی جے پی نے کانگریس قیادت پر خوشامد کی سیاست کرنے اور ہندوؤں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگایا۔ کھرگے کے بیان پر دونوں بڑی جماعتوں میں نیا تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔یہ تنازعہ ملکارجن کھرگے کے دیوالی پیغام کے بعد شروع ہوا۔ کھڑگے نے عوام کو مبارکباد میں کہا تھا کہ یہ ملک بھر کا بڑا تہوار ہے جو طویل عرصے تک رہنے والی ’خوشیوں کی عید‘کی مانند ہے۔ بی جے پی نے کھرگے کے ان الفاظ پر اعتراض کیا۔بی جے پی کے ترجمان گورو بھاٹیہ نے کہا کہ دیوالی دیوالی ہے اور عید عید ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ دیوالی کا اپنا تقدس اور تشخص ہے، تو ہندوؤں کو مبارکباد دیتے وقت اسے عید کہنے کی کیا ضرورت تھی۔ انہوں نے کانگریس پر ہندو تہواروں کو کمزور کرنے کا الزام لگایا۔ مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے بھی اس بیان کو راہول گاندھی اور ان کے خاندان سے جوڑا۔دوسری جانب کانگریس نے بی جے پی کے اعتراضات کو مسترد کر دیا۔ کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ لفظ عید دراصل خوشی کے استعارے کے طور پر بولا جاتا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ بی جے پی لیڈر لغت یا انٹرنیٹ پر عید کے معنی دیکھیں جس کا مطلب تہوار ہے۔ کانگریس رہنما رشید علوی نے بھی کہا کہ عید مسرت کی علامت ہے اور اسے خوشی کے اظہار کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔