نئی دہلی، 23 ستمبر (یواین آئی) ریلوے نے دیوالی اور چھٹھ کے دوران ہجوم کا انتظام کرنے کے لیے خصوصی ٹرینیں چلانے کی تیاری مکمل کر لی ہے اور یہ ٹرینیں یکم اکتوبر سے پٹریوں پر چلنا شروع ہو جائیں گی۔ ریلوے کے وزیر اشونی وشنو اور ریلوے کے وزیر مملکت روونیت سنگھ بٹو نے منگل کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس سال ریلوے نے دیوالی اور چھٹھ پوجا کے دوران 12,000 خصوصی ٹرین ٹرپ چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ گزشتہ سال یہ تعداد 7500 تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک ان خصوصی ٹرینوں کے 10,000 ٹرپ کا اعلان کیا گیا ہے ۔ مزید برآں، 150 ٹرینیں ریزرو میں رکھی گئی ہیں، جنہیں ضرورت پڑنے پر جلد از جلد سفر کیلئے تیار کیا جا سکتا ہے ۔