راج گوپال ریڈی کے اسمبلی حلقہ میں جلسہ عام کیلئے کانگریس کی تیاریاں

   

ضلع میں پارٹی کو نقصان سے بچانے اور قائدین کو متحد رکھنے کی حکمت عملی
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کی بی جے پی میں امکانی شمولیت کے نقصانات کی تلافی کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی ہیں۔ راج گوپال ریڈی نے بی جے پی قائدین سے ملاقات کی اور ان کی بی جے پی میں شمولیت کو یقینی کہا جارہا ہے ۔ ان حالات میں کانگریس ہائی کمان نے نلگنڈہ ضلع پر توجہ مرکوز کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ منگوڑ اسمبلی حلقہ میں پارٹی قائدین اور کیڈر میں اعتماد بحال کرنے کیلئے جلسہ عام کے انعقاد کی تیاری ہے۔ کانگریس اعلیٰ کمان نے راج گوپال ریڈی کے مخالف بیانات کا سختی سے نوٹ لیا ہے ۔ تاہم انہیں وجہ نمائی نوٹس کی اجرائی یا پھر معطلی کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ قائدین کا کہنا ہے کہ جب راج گوپال ریڈ ی نے کانگریس چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے تو ایسے میں انہیں معطل کرنا بے معنی اور بے فیض رہے گا۔ کانگریس ہائی کمان نے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کو نلگنڈہ کی صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ ریونت ریڈی نلگنڈہ اور بھونگیر کے ارکان پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی سے ربط میں ہیں۔ ضلع میں سیاسی اثر رکھنے والے جانا ریڈ ی سے بھی مشاورت کی گئی ۔ پارٹی قائدین کا کہنا ہے کہ راج گوپال ریڈی کے استعفیٰ کی صورت میں کانگریس کو کوئی نقصان نہیں ہوگا کیونکہ اسمبلی انتخابات کسی بھی وقت ممکن ہے ۔ راج گوپال ریڈی کو منانے کیلئے ان کے بھائی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا کی مساعی رائیگاں ثابت ہوئی۔ ر