جئے پور 14 ستمبر ( ایجنسیز ) راجستھان کے شہری مجالس مقامی انتخابات میں بی جے پی کے ایک امیدوار کیلاش چند توجہ کا مرکز بن گئے ہیں کیونکہ آج ان کے وارڈ کے نتائج کا اعلان ہوا اور انہیں سارے وارڈ میں محض ایک ووٹ حاصل ہوا ہے ۔ کیلاش چند نے پربت سر میونسپلٹی کے وارڈ نمبر 13 سے مقابلہ کیا تھا ۔ وہ بی جے پی کے امیدوار تھے ۔ ریاستی الیکشن کیشن کی ویب سائیٹ کے بموجب کانگریس کی امیدوار حنا خانم نے 376 ووٹ حاصل کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی جبکہ آزاد امیدوار راشد خان 195 ووٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ۔ کیلاش چند نے میڈیا کو بتایا کہ وہ وارڈ نمبر 12 کے ووٹر تھے لیکن بی جے پی نے انہیں وارڈ نمبر 13 سے امیدوار بنایا تھا ۔ انہیں محض ایک ووٹ حاصل ہوا ہے ۔ وہ وارڈ 12 کی بجائے 13 کے امیدوار تھے اور شائد ان کے وارڈ کے کسی شخص نے پڑوسی وارڈ میں ان کیلئے ووٹ دیا ہو۔ پربت سر میونسپلٹی میں 25 وارڈز ہیں جن میں کانگریس نے 13 اور بی جے پی نے 12 وارڈز پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ راجستھان میں جملہ 10 ہزار سے زائد وارڈز کیلئے رائے دہی ہوئی تھی جن کیلئے ووٹوں کی گنتی آج ہوئی اور نتائج کا اعلان کیا گیا ۔