حیدرآباد 14 مئی ۔ ( سیاست نیوز) راجندرنگر پولیس کی مبینہ مارپیٹ کا شکار ایک آٹو ڈرائیور فوت ہوگیا ۔ گھریلو تنازعات کے مسئلہ پر بیوی کی شکایت کے بعد پولیس نے عرفان کو پولیس اسٹیشن طلب کیا اور بری طرح مارپیٹ کی جس تاب نہ لاکر عرفان پولیس اسٹیشن کے روبرو ڈھیر ہوگیا ۔ عرفان کے رشتہ داروں نے عرفان کی موت کا پولیس کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے اور خاطی عہدیداروں کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ پولیس کے مبینہ ظلم و ستم کے سبب حکومت کی نیک نامی متاثر ہورہی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق درگاہ خلیج خاں گنڈی پیٹ کے ساکن 35 سالہ محمد عرفان کا اُس کی بیوی کے ساتھ جھگڑا چل رہا تھا اور بیوی پولیس اسٹیشن سے رجوع ہوگئی ۔ باوثوق ذرائع اور مرحوم عرفان کے بھائی صادق نے بتایا کہ عرفان کی بیوی کے رشتہ داروں نے عرفان کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا جہاں کونسلنگ کے نام پر عرفان کے ساتھ مارپیٹ کی گئی ۔ پولیس اسٹیشن میں عرفان کو اس قدر مار پیٹ کا نشانہ بنایا گیا کہ اُس کی چیخ پکار کی آوازیں باہر تک آرہی تھیں ۔ صادق نے عثمانیہ ہاسپٹل میں میڈیا کو دیئے گئے اپنے بیان میں بتایا کہ عرفان کی چیخ و پکار کو سنکر صادق اور دیگر نے پولیس اسٹیشن کے اندر جانے کی کوشش کی لیکن اُنھیں اندر آنے نہیں دیا گیا ۔ تھوڑی دیر بعد جب عرفان واپس آیا تو وہ پولیس اسٹیشن کے روبرو ہی گر پڑا اس نے قئے کی اور اچانک اُس کی صحت بگڑ گئی اور عرفان کا پیشاب نکل گیا ۔ صادق اور دیگر نے عرفان کو چنتل میٹ کے ایک خانگی ہاسپٹل منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل منتقل کرنے کا مشورہ دیا جہاں ڈاکٹروں نے عرفان کو مردہ قرار دیا ۔ عرفان کی اچانک موت پر سوالات اُٹھائے جارہے ہیں ۔ آخر میاں بیوی کی کونسلنگ کے معاملہ میں راجندرنگر پولیس نے عرفان کو کیوں طلب کیا اور عرفان کو اُس کے سسرالی رشتہ دار کس طرح پولیس اسٹیشن لاسکتے ہیں ۔ میاں بیوی کی کونسلنگ میں مار پیٹ کا کوئی جواز نہیں رہتا ۔ عرفان کو گیسس کی بیماری کا حوالہ دیا جارہا ہے ، عرفان کی بیوی نشاط کی جانب سے دی گئی شکایت میں بھی گیسس کا ذکر کیا گیا لیکن اس کے علاج اور دیگر بیماریوں کا کوئی ذکر نہیں ۔ اس واقعہ کے بعد شہریوں میں سائبرآباد بالخصوص راجندر نگر پولیس کے رویہ پر تشویش ظاہر کی جارہی ہے اور عرفان کی موت کو پولیس حراست میں موت قرار دیا جارہا ہے ۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ اس معاملہ کی تحقیقات کروائے اور خاطی عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرے ۔ ع