نئی دہلی : مشہور طبلہ نواز استاد ذاکر حسین کو آج راجیہ سبھا میں خاموش کھڑے ہو کر جذباتی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔چیرمین جگدیپ دھنکڑنے صبح ایوان کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے اراکین کو استاد ذاکر حسین کے انتقال کی اطلاع دی۔ مسٹر حسین کا کل رات امریکہ میں انتقال ہو گیا۔چیئرمین نے کہا کہ استاد ذاکر حسین کو ایک عظیم طبلہ نواز کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ و ہ ایک عظیم شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے فن اور ثقافت کی سرحدیں عبور کیں۔
مسٹر دھنکڑ نے کہا “ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کے ایک ممتاز سفیر کے طور پر انہوں نے ثقافتی خلاء کو پر کیا اور ہندوستانی طبلہ نوازی کی بھرپور روایات کو عالمی سطح پر پہنچایا۔ ہندوستان نے ان کے انتقال سے ایک حقیقی میوزیکل صلاحیت کو کھو دیا ہے ، لیکن انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اس کے بعد ایوان نے خاموشی اختیار کی اور استاد ذاکر حسین کو خراج عقیدت پیش کیا۔