راجیہ سبھا کیلئے نامزدگی پر پارٹی ہائی کمان سے انیل کمار یادو کا اظہار تشکر

   

اسمبلی سے گاندھی بھون تک جلوس، کانگریس میں کارکنوں کی خدمات کا اعتراف

حیدرآباد۔/20 فروری، ( سیاست نیوز) کانگریس کے نونامزد رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو نے صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور کانگریس قائدین سونیا گاندھی، راہول گاندھی کے علاوہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکرکیا کہ انہیں کم عمری میں راجیہ سبھا کی رکنیت کی اہم ذمہ داری دی گئی ہے۔ انیل کمار یادو راجیہ سبھا رکن کی حیثیت سے سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے بعد گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔ کانگریس رکن اسمبلی بی ایلیا، صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی، فہیم قریشی اور دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ انیل کمار یادو نے کہا کہ یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی میں طویل عرصہ تک ایک سپاہی کی طرح خدمات انجام دینے کا پارٹی ہائی کمان نے صلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف گوشوں سے انہیں سیاسی طور پر نقصان پہنچانے کی کوششوں کے باوجود وہ اس امید سے پارٹی سے وابستہ رہے کہ ان کی خدمات کا اعتراف ضرور ہوگا۔ انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور دیگر قائدین سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے ہائی کمان سے نام کی سفارش کی۔ قبل ازیں انیل کمار یادو اسمبلی سے جلوس کی شکل میں گاندھی بھون پہنچے۔ سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو اور دیگر قائدین کے ہمراہ انہوں نے شہیدان تلنگانہ کی یادگار پر گلہائے عقیدت پیش کئے اور علحدہ تلنگانہ جدوجہد میں قربانیاں دینے والوں کی یاد تازہ کی۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں ہمیشہ حقیقی کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ جلوس میں سینکڑوں کی تعداد میں کانگریس کارکن شریک تھے۔ جگہ جگہ آتشبازی کی گئی اور ریونت ریڈی کی تائید میں نعرے لگائے گئے۔1