حیدرآباد 3 جنوری : ( سیاست نیوز ) : جنوبی ہند میں صدر جمہوریہ ہند کی سرکاری قیام گاہ بلارم میں واقع راشٹر پتی نیلائم کو دو سال بعد پیر کو عوام کے لیے کھولا گیا تاکہ وہ 97 ایکڑ پر محیط اس تاریخی عمارت کی خوبصورتی کا مشاہدہ کریں ۔ تاہم پہلے دن چند ہی لوگ اس عمارت میں داخل ہوئے ۔ راشٹر پتی نیلائم کے اسٹاف کے مطابق صدر جمہوریہ کے جنوبی ہند میں مختصر قیام کے بعد ہر سال کی طرح ایک روایت کے طور پر کسی اعلان کے بغیر راشٹر پتی نیلائم کو جنوری کے پہلے ہفتہ میں عوام کیلئے کھولا جاتا ہے تاکہ وہ اس عمارت کا مشاہدہ کرسکیں ۔ انہیں مایوس نہ کرنے ہم نے اس عمارت کو عوام کے مشاہدہ کیلئے کھولا ہے ۔ تقریبا 150 لوگ اسے دیکھنے آئے یہ تاریخی عمارت عوام کیلئے 15 جنوری تک کھلی رہے گی ۔ عوام صبح 10 تا 5 بجے شام گیٹ نمبر 2 سے اس عمارت میں داخل ہو کر اس کی خوبصورتی اور فن تعمیر کا مشاہدہ کرسکتے ہیں ۔ انہیں گیٹ نمبر 1 سے باہر نکلنا ہوگا ۔ مفت انٹری پاسیس دئیے جائیں گے اور انہیں ایگزٹ گیٹ پر واپس لیا جائے گا ۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ اس سال پہلی مرتبہ ہم نے اس کے احاطہ میں تین آیوش اسٹاف کو مامور کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ وہ راشٹر پتی نیلائم کے ہربل گارڈن اور نکشترا گارڈن میں موجود مختلف پودوں کے بارے میں وزیٹرس کو بتائیں ۔ محکمہ ٹورازم کی جانب سے بھی گائیڈس کو مامور کیا جائے گا ۔ راشٹر پتی نیلائم کے اندر اور باہر پولیس ملازمین کی خاطر خواہ تعداد کو تعینات کیا جارہا ہے ۔ 2018 میں یہاں 16 ہزار پودے لگائے گئے وہ خوبصورت راک گارڈن بن گئے ہیں ۔ 50 اقسام کے کھجور کے درختوں کے ساتھ ایک ونٹیج گارڈن بنایا گیا ہے ۔۔