مندر ٹرسٹ نے استعفوں کی توثیق کردی ۔ مندر کو دئے گئے تمام عطیات محفوظ رہنے کا بھی دعوی
لکھنو 27 جون ( ایجنسیز ) رام مندر میں چوری اور سرقہ کے سلسلہ میں ایف آئی آر درج ہونے کے بعد مندر ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری چنپت رائے نے استعفی پیش کردیا ہے ۔ آج رام جنم بھومی تیرتھ کشیترا ٹرسٹ نے توثیق کی ہے کہ اس کو جنرل سکریٹری چنپت رائے اور ٹرسٹی انیل مشرا کے استعفے موصول ہوچکے ہیں ۔ اس سارے معاملے کی تحقیقات چل رہی ہیں اور یہ الزامات عائد کئے جا رہے ہیں کہ مندر ٹرسٹ کے کروڑہا روپئے کا غبن ہوا ہے ۔ ٹرسٹ نے بھکتوں کو یہ تیقن بھی دیا ہے کہ جو کچھ بھی عطیات تھے وہ محفوظ ہیں۔ چاندی کی اینٹیں ‘ زیورات اور دوسرے چڑھاوے جو رام مندرک و دئے گئے تھے وہ محفوظ ہیں اور ان کا ریکارڈ رکھا جا رہا ہے ۔ ٹرسٹ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جو واقعات رام مندر میں پیش آئے ہیں ان پر ٹرسٹ کو افسوس ہے ۔ ٹرسٹ نے کہا کہ یہاں والینٹرس مسلسل خدمات انجام دے رہے ہیں اور ٹرسٹ کی جانب سے سارے معاملہ کی منصفانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جائے گا ۔ بھکتوں کو اس معاملے میں شکوک کا شکار نہیں ہونا چاہئے ۔ ٹرسٹ نے توثیق کی کہ اسے جنرل سکریٹری چنپت رائے اور ٹرسٹتی انیل مشرا کا استعفی موصول ہوگیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ٹرسٹ کی جان سے آئندہ اجلاس میں استعفی کے سلسلہ میں غور کیا جائے گا۔ ٹرسٹ نے بھکتوں کو تیقن دیا ہے کہ ان کے بھروسہ کو مجروح ہونے کا موقع نہیں دیا جائے گا اور جن افراد نے شخصی طور پر چاندی کی اینٹیں ‘ زیورات اور دوسری اشیاء ٹرسٹ عہدیداروں کے حوالے کی تھیں اور چڑھاوے چڑھائے تھے وہ اشیاء بالکل محفوظ ہیں اور ان کا ریکارڈ بھی رکھا جا رہا ہے ۔ ٹرسٹ نے کہا کہ مندر کے عطیہ باکس سے رقومات کی جو چوری کے واقعات منظر عام پر آئے تھے ان کے سلسلہ میں ایس آئی ٹی کی عبوری رپورٹ کی بنیاد پر ٹرسٹ نے ایک ایف آئی ار درج کروایا ہے اور قانونی کارروائی بھی جاری ہے ۔ واضح رہے کہ چنپت رائے اور انیل مشرا نے کل ہی استعفی پیش کردیا تھا تاہم کچھ گوشوں سے استعفی کی تردید کی جا رہی تھی ۔ آج مندر ٹرسٹ نے استعفوں کی توثیق کردی ہے ۔