رام مندر کی افتتاحی تقریب میں کانگریس کی عدم شرکت حق بجانب‘ بی جے پی کی تنقید مسترد

   

حیدرآباد 11 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس نے ایودھیا میں 22 جنوری کو رام مندر کی افتتاحی تقریب میں کانگریس قائدین کی عدم شرکت کو حق بجانب قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ بی جے پی سیاسی فائدہ کیلئے مندر کو استعمال کر رہی ہے۔ پردیش کانگریس کے نائب صدر جی نرنجن نے کہا کہ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور سونیا گاندھی نے افتتاحی تقریب میں شرکت سے متعلق دعوت نامہ کو قبول نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس تمام مذاہب کا یکساں احترام کرتی ہے اور مذہب ہر شخص کا انفرادی معاملہ ہے۔ لوک سبھا انتخابات سے قبل بی جے پی رام مندر افتتاح سے سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے ۔ ملک کے عوام بی جے پی کے منصوبہ کو سمجھ چکے ہیں۔ بی جے پی قائدین کی جانب سے ملکارجن کھرگے اور سونیا گاندھی پر تنقید کو مسترد کرکے نرنجن نے کہاکہ عوام کی اکثریت کا احساس ہے کہ بی جے پی کو رام مندر کی تعمیر سے زیادہ الیکشن میں کامیابی کی فکر ہے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے نے دعویٰ کیا ہے کہ 22 جنوری کی تقریب بی جے پی کی نہیں ہے۔ نرنجن نے کہا کہ بی جے پی رام مندر کی افتتاحی تقریب کے بارے میں کیا موقف رکھتی ہے اس سے عوام واقف ہیں۔ دنیا بھر میں ہندو سماج باشعور ہوچکا ہے۔ نرنجن نے کہا کہ دنیا بھر میں لارڈ رام کا احترام کیا جاتا ہے لیکن بی جے پی نے انہیں اپنی پارٹی تک محدود کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اغراض کیلئے دیوی دیوتاؤں کے ناموں کا استعمال کرنا افسوسناک ہے۔ کانگریس پارٹی نے افتتاحی تقریب میں عدم شرکت کا جو فیصلہ کیا ہے، وہ ملک کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ لوک سبھا چناؤ میں مندر کے افتتاح سے بی جے پی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ 1