حیدرآباد20اگست(یواین آئی) تلنگانہ کے وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا ہے کہ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی جی ایس آرٹی سی)نے راکھی تہوارکے موقع پر 63 لاکھ 86 ہزار مسافرین کو محفوظ طور پر ان کی منزل تک پہنچایا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ 41 لاکھ 74 ہزار خواتین نے ایک ہی دن میں مہالکشمی اسکیم کے تحت بسوں میں مفت سفر کیا۔اتنی بڑی تعداد میں خواتین کے بسوں میں سفر کی مثال نہیں ملتی۔ 21 لاکھ 12 ہزار افراد نے ٹکٹ خرید کر بسوں میں سفر کیا۔ انہوں نے کہا کہ راکھی تہوار کے دن، آر ٹی سی کو 32 کروڑ کی ریکارڈ آمدنی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ایک ہی دن میں اتنی آمدنی ہوئی ہے ۔ وزیر پونم پربھاکر نے شدید بارش کے باوجود محفوظ طریقہ سے منزل تک مسافرین کو پہنچانے پر آر ٹی سی عملہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ راکھی کے تہوار کے باوجود عملہ نے انتھک محنت کی اور یہاں تک کہ آر ٹی سی ڈرائیورس اور کنڈکٹرس کو بھی ان کی بہنوں نے بسوں میں راکھی باندھی۔