راہول اور کھرگے کی جھارکھنڈ کے یوم تاسیس پر مبارکباد

   

نئی دہلی، 15 نومبر (یو این آئی) کانگریس رہنما راہل گاندھی اور ملکارجن کھرگے نے جھارکھنڈ کے یوم تاسیس کے موقع پر ریاست کے عوام کو مبارکباد پیش کی اور اس کے ثقافتی ورثے ، قدرتی دولت اور منفرد روایات کو سراہا۔ وہیں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے قبائلی مجاہد آزادی اور قومی شخصیت بھگوان برسا منڈا کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔لوک سبھا میں اپوزیشن رہنما راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں جھارکھنڈ کو ہندوستان کا بیش قیمت خزانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ریاست قدرتی حسن اور مالا مال ثقافتی ورثے سے آراستہ ہے ۔ انہوں نے ریاست کی تہذیب اور روایات کے تحفظ کے لیے کانگریس کے عزم کا اعادہ کیا۔راہل گاندھی نے کہا، ”جھارکھنڈ کے یوم تاسیس کے موقع پر ریاست کے تمام لوگوں کو دلی مبارکباد۔ قدرتی حسن اور ثقافتی ورثے سے مالا مال جھارکھنڈ ہندوستان کا بیش قیمت خزانہ ہے ۔ ہم اس کی تہذیب اور روایات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔”کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن رہنما ملکارجن کھرگے نے بھی ایکس پر اسی طرح کا پیغام شیئر کرتے ہوئے جھارکھنڈ کے عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے ریاست کے ثقافتی ورثے ، قدیم روایات اور قدرتی وسائل کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔دریں اثنا، پرینکا گاندھی واڈرا نے بھگوان برسا منڈا کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے قبائلی برادریوں کے حقوق کے لیے ان کی جدوجہد اور قربانی کو یاد کیا۔
انہوں نے برسا منڈا کو عظیم مجاہد آزادی اور عوامی رہنما قرار دیا، جنہیں دھرتی آبا کے نام سے عقیدت کے ساتھ یاد کیا جاتا ہے ۔ پرینکا نے کہا کہ ان کی میراث نسلوں کو تحریک دیتی رہے گی۔