جے پور : راجستھان میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر ڈاکٹر ستیش پونیا نے ریاست کی کانگریس حکومت پر کسانوں کے ساتھ وعدہ خلافی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے وعدے کی وجہ سے کسانوں کی زمینیں نیلام ہورہی ہیں۔ڈاکٹر پونیا نے آج سوشل میڈیا کے ذریعہ کہا کہ سال 2018 میں راہل گاندھی کے کسانوں کے قرض معاف کرنے کے وعدے کی وجہ سے راجستھان کے کسانوں کی زمینیں نیلام کی جارہی ہیں اور کسان خودکشی کرنے پر مجبور ہورہے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعلی اشوک گہلوت گمراہ کر رہے ہیں۔ تھوڑی بہت بھی ایمانداری باقی ہے تو انہیں کسانوں کا قرض معاف کردینا چاہئے ۔ واضح رہے کہ ریاست میں ریزرو بنک کے کنٹرول میں آنے والے کمرشل بینکوں کے ذریعہ کسانوں کے قرض کی ادائیگی نہ کرنے کی وجہ سے روڈا ایکٹ کے تحت زمینوں کی قرق اور نیلامی کی کارروائی کی خبریں سامنے آرہے ہیں۔