راہول گاندھی سے لندن میں اوورسیز کانگریس قائدین کی ملاقات

   

لوک سبھا چناؤ میں تلنگانہ سے مقابلہ کرنے کی اپیل
حیدرآباد ۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات میں تلنگانہ سے مقابلہ کرنے کی درخواست کے ساتھ انڈین اوورسیز کانگریس کے تلنگانہ قائدین نے کانگریس قائد راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ راہول گاندھی لندن کے دو روزہ دورہ پر ہیں اور انڈین اوورسیز کانگریس کے برطانیہ برانچ کے نائب صدر سدھاکر گوڑ کی قیادت میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے راہول گاندھی سے ملاقات کی اور انہیں مکتوب حوالے کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول گاندھی نے تلنگانہ سے لوک سبھا چناؤ میں حصہ لینے پر غور کرنے کا تیقن دیا۔ قائدین نے کہاکہ تلنگانہ کی تشکیل کانگریس پارٹی کا کارنامہ ہے اور تلنگانہ عوام نے پارٹی کو اقتدار عطا کرتے ہوئے اظہار تشکر کیا ہے۔ تلنگانہ سے لوک سبھا چناؤ میں حصہ لینے کی صورت میں پارٹی کو نہ صرف تلنگانہ بلکہ پڑوسی کرناٹک میں فائدہ ہوگا۔ راہول گاندھی نے اوورسیز کانگریس کے قائدین کو تیقن دیا کہ اس سلسلہ میں پارٹی قائدین سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ اوورسیز کانگریس کے سدھاکر گوڑ ، جی وینوگوپال اور دوسروں نے امید ظاہر کی کہ راہول گاندھی تلنگانہ کے کسی حلقہ سے مقابلہ کریں گے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ کانگریس نے راہول گاندھی کو کھمم ، نلگنڈہ یا بھونگیر لوک سبھا حلقوں میں کسی ایک حلقہ سے مقابلہ کی دعوت دی ہے ۔ 1