عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے وزیر مال کی ہدایت
حیدرآباد ۔28۔ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کارکردگی میں بہتری کے ذریعہ رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی آمدنی میں اضافہ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن میں خامیوں کو دور کرتے ہوئے عوام کو سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت دی۔ وزیر مال نے رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ضروری اصلاحات کے ذریعہ ریاست کے تمام رجسٹریشن دفاتر میں کام کی یکساں طور پر تقسیم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو شفافیت کے ساتھ رجسٹریشن کی بہتر خدمات فراہم کی جائیں اور کسی بھی گوشہ سے شکایت کی گنجائش نہ رہے ۔ وزیر مال نے کہا کہ رجسٹریشن دفاتر کی ذاتی عمارتوں کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر انجام دی جائے گی۔ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری ریونیو نوین متل ، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل وینکٹ راجیش ، جوائنٹ انسپکٹر جنرل سرینواسلو کے علاوہ حیدرآباد ، رنگا ریڈی اور ملکاجگری کے عہدیداروں نے شرکت کی۔1