رحمت بیگ کی سرگرمیاں معمول کے مطابق تیزی سے بحال

   

عثمان ساگر کے قریب چار ایکڑ اراضی معاملہ میں حواریوں کے ساتھ مداخلت، سوشیل میڈیا کی کارروائی سوشیل میڈیا تک محدود ہونے کا ایم ایل سی کا جواب
حیدرآباد۔27۔ستمبر۔(سیاست نیوز) رحمت بیگ کی سرگرمیاں معمول کے مطابق تیزی سے بحال ہونے لگی ہیں اور وہ صدرمجلس کی ہدایات کو نظرانداز کرنے کے بعد اب شہر کے نواحی علاقوں میں نظر آنے لگے ہیں۔ بتایاجاتاہے کہ رحمت بیگ گذشتہ دنوں عثمان ساگر (گنڈی پیٹ) کے قریب موجود 4 ایکڑ اراضی کے معاملہ میں مداخلت کرتے ہوئے پائے گئے اور ان کے ہمراہ کے ان کی سابقہ ٹولی بھی موجود تھی جو کہ اس اراضی پر موجود تھے۔غیر اخلاقی ویڈیو اور بدفعلی کے معاملات کے منظر عام پر آنے کے بعد صدر مجلس بیرسٹر اسدالدین اویسی نے سخت کاروائی کرتے ہوئے رحمت بیگ کو پارٹی سے خارج کرنے کے احکام جاری کروائے تھے اور شریک معتمد کل ہند مجلس اتحاد المسلمین جناب ایس اے حسین انور کے ذریعہ سوشل میڈیا پر اس بات کا اعلان کروایا تھا اور بعد ازاں اس سلسلہ میں مجلس کے ترجمان ’اعتماد‘ میں ان کے حوالہ سے ہی رحمت بیگ کو پارٹی سے خارج کئے جانے اور انہیں مستعفی ہونے کی ہدایت دیئے جانے کی اطلاع شائع کی گئی تھی۔رحمت بیگ اپنی سرگرمیوں کی بحالی کے دوران اپنے حواریوں کی ٹولی کے اراکین سے یہ کہہ رہے ہیں کہ ’جماعت ‘ نے انہیں لیٹر ہیڈ پر ’خارج‘ کرنے کے احکام جاری نہیں کئے ہیں اور نہ ہی جماعت کے باضابطہ طور پر انہیں خارج کرنے کا اعلان کیا ہے اور نہ ہی انہیں اس سلسلہ میں کوئی مکتوب روانہ کیا گیا ہے۔ وہ یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ وہ جلد ہی اپنی معمول کی سرگرمیاں بحال کرتے ہوئے عوام کے درمیان پہنچیں گے کیونکہ صدر مجلس نے ’سوشل میڈیا‘ کی اطلاعات پر سوشل میڈیا پر ہی صدر مجلس نے کاروائی کردی اور وہ اس کاروائی کو سوشل میڈیا پر کی گئی کاروائی قرار دیتے ہوئے یہ کہہ رہیں کہ ان کے خلاف ماحول ’سوشل میڈیا ‘ پر تیار کیاگیا تھا اور کاروائی بھی سوشل میڈیا پر ہوگئی ۔اسی لئے وہ مستعفی ہونے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے اور نہ ہی اپنی سرگرمیوں کو بند کریں گے کیونکہ جماعت نے ان کے خلاف جو کاروائی کرنی تھی وہ ’’سوشل میڈیا‘‘ پر کی جاچکی ہے۔3