رشتوں کے دوران سیرت و کردار اور اخلاق کو ترجیح دینے پر زور

   

سیاست اور ملت فنڈ سے دو بہ دو پروگرام، جناب اصغر علی خان کی شرکت، مختلف شخصیتوں کا خطاب

حیدرآباد ۔ 13 جنوری (سیاست نیوز) سیاست اور ملت فنڈ کے زیراہتمام 132 واں دوبہ دو ملاقات پروگرام آج دارالامن فنکشن پیالیس آصف نگر میں منعقد ہوا جس میں والدین اور سرپرستوں کی بڑی تعداد نے رشتوں کے ضمن میں والدین سے بات چیت کی اور اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کا بائیو ڈاٹا رجسٹریشن کروایا۔ پروگرام میں جناب اصغر علی خان فرزند جناب ظہیرالدین علی خان مرحوم، محمد حبیب، جناب ساجد انصاری، محمد اسمعیل، جناب سید اصغر اور دوسروں نے مختلف کاؤنٹرس کا مشاہدہ کیا۔ جناب ماجد انصاری نے کہا کہ لڑکے کے والدین لڑکی کے انتخاب میں تعلیم کے ساتھ خوبصورتی، اعلیٰ معیار کو اہمیت دے رہے ہیں جبکہ مسلمان اسلامی تعلیمات کو اہمیت دیں اور نکاح کو آسان بنائیں اور مساجد میں نکاح اور وہیں سے دلہن کے گھر واپسی کے رجحان کو بڑھاوا دیں۔ جناب سید الیاس پاشاہ نے کہا کہ مسلمان کا مقصد حیات یہ کہ رب کی رضا و خوشنودی اور رسول اکرمؐ کی اطاعت ہے۔ اس سے ہوگا یہ کہ جو بھی کام کیا جائے گا اس میں رب کی رضا حاصل ہوگی۔ ہمارے معاملات میں جتنی سادگی ہوگی اتنا ہی ہم رب کو راضی کرنے والے بن سکیں گے۔ جناب سید محمود علی نے کہا کہ جناب زاہد علی خان، جناب ظہیرالدین علی مرحوم اور جناب عامر علی خان کی تحریک کہ شادی بیاہ کے معاملات کو کم خرچ اور آسان سے کیا جائے۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے قطب شاہی مسجد دیوڑھی کلیانی میں شرعی و سادگی کی بنیاد پر کی جانے والی شادیوں کیلئے ہال مفت دیا جارہا ہے۔ جناب شاہد حسین نے کہا کہ جب کسی گھرانے میں لڑکے کیلئے رشتے تلاش کئے جاتے ہیں تو سیرت و کردار، اخلاق کو اہمیت دیں تاکہ خوشگوار زندگی گذر سکیں۔ جناب صالح بن عبداللہ باحاذق نے کہا کہ اب تک ہوئے پروگرام میں والدین کی سہولت فراہم کی گئی جس کے ثمرآور نتائج برآمد ہوئے۔ جو والدین اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتوں کے ضمن میں پریشان ہیں، ان کیلئے یہ پروگرام ایک اہم سنگ میل ثابت ہورہا ہے۔ پروگرام میں بھی جو لڑکے و لڑکیاں بیرونی ممالک امریکہ، کینیڈا، سعودی عرب میں ملازمت کررہے ہیں، ان کیلئے بھی رشتے دیکھے اور ان لڑکیوں کو اہمیت دی جارہی ہے۔ پروگرام میں ایسے لڑکوں کے بائیو ڈاٹاس پڑھے گئے جو اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں جو ملک اور بیرونی ممالک امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، مرکزی حکومت کے شعبہ جات میں ملازم ہیں۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے کاؤنٹرس ترتیب دیئے گئے تھے۔ ان کاؤنٹرس پر علی الترتیب محمدی، سعیدہ ثانیہ، فاروق، محمد احمد، شاہد حسین، رئیسہ، تسکین، لطیف النساء، لطیف اسد، اشرف، امتیاز، ترنم خان، آمنہ خان، شہناز، شاہانہ، مسکان، سیماء، کریمہ کے علاوہ رجسٹریشن کاؤنٹرس پر شمیم، ثمینہ اور دوسرے موجود تھے۔ والینٹرس نے مختلف کاؤنٹرس پر بہتر سے بہتر رشتوں کیلئے والدین کی رہبری و رہنمائی کی۔ انجینئرنگ کاونٹر اور دوسرے گریجویشن، پوسٹ گریجویشن اور فنی کورسس کے کاؤنٹرس پر والدین رشتوں کے ضمن میں ایک دوسرے سے بات چیت کی جن کا تعلق شہر کے علاوہ اضلاع سے بھی تھا۔ پروگرام میں حصہ لینے والوں میں مسرس نظام الدین لئیق، عمران، عامر، احمد، اظہر اور شیکھر ہیں۔ جناب شاہد حسین نے کارروائی چلائی اور آخر میں دعا کی۔ اس موقع پر دارالامن فنکشن پیالیس جناب عبدالصبور اور دیگر سے اظہارتشکر کیا گیا۔ جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈینیٹر پروگرام اور فرزانہ نے والدین اور والینٹرس نے رہنمائی کی۔