رضوان اور بابر کی جوڑی نے روہت اور راہول کا ریکارڈ توڑ دیا

   

دبئی۔پاکستان نے کراچی میں تیسرے ٹی 20 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 208 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ٹی 20 کرکٹ میں اپنے سب سے زیادہ رنز کے نشانے کا کامیاب تعاقب کیا اور تین میچوں کی سیریز 3-0 سے جیت لی۔ اس میچ میں پاکستانی اوپنرز بابر اعظم اور محمد رضوان نے کرکٹ میں اپنی چھٹی سنچری پارٹنرشپ کو درج کرتے ہوئے روہت شرما اور کے ایل راہول کا سب سے زیادہ ٹی20 سنچری شراکت کا عالمی ریکارڈ توڑا۔پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم نے سال 2021 میں متعدد ریکارڈ بنائے۔پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے لیے 2021 یادگار اور ریکارڈ ساز سال رہا، رواں سال ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ 20 فتوحات اپنے نام کیں، محمد رضوان اور بابراعظم نے بیٹنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں لاجواب مظاہرہ دے کر اپنی برتری ثات کی۔ پاکستانی کرکٹرز کی جانب سے مجموعی رنزکی تعداد 4020 رنز رہی جس میں 347 چوکے اور ریکارڈ 122 چھکے لگائے گئے۔بابر اعظم ایک 122 رنز کے ساتھ سب سے بڑی اننگزکھیلنے والے بیٹر بنے، بابراعظم نے 16کیچز کے ساتھ سب سے زیادہ کیچ لینے والے فیلڈر کا اعزاز بھی حاصل کئے ۔ محمد رضوان 22 کیچز کے ساتھ سال کے سرفہرستکیپر بنے، اس کے علاوہ محمد رضوان 12 نصف سنچریاں اسکور کرکے دنیا کے پہلے بیٹر رہے۔محمد رضوان 1326 رنز بناکر سب سے آگے نکلنے میں کامیاب ہوئے، بابر اور رضوان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں جنوبی افریقہ کے خلاف سال 2021کی بہترین پارٹنرشپ 197 رنز کی قائم کی۔یاد رہے کہ پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کرلیا۔نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 3 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 207 رنز بنائے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے مجموعی طور پر 14 چوکے اور 12 چھکے لگائے۔ برینڈن کنگ نے 43، بروکس نے 49 اور کپتان نکولس پورن نے 64 رنز بنائے۔پاکستان کیلئے محمد وسیم نے 2 جبکہ شاہنواز دھانی نے 1 وکٹ حاصل کی۔پاکستان نے بیٹنگ کی تو ویسٹ انڈیز ٹیم کا دیاگیا 208 رنز کا ہدف 18.5 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنر محمد رضوان نے 87 اور بابر اعظم نے 79 رنز اسکور کرکے ٹیم کو فتح دلانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ فخر زمان نے 12 اور آصف علی نے 21 رنز بنائے۔