روزنامہ سیاست کی ملی خدمات کو خراج تحسین، رشتوں کے انتخاب میں مہم خوش آئند

   

عمر فنکشن ہال میں دو بہ دو پروگرام، جناب ظہیرالدین علی خان سے سرکردہ شخصیتوں کی ملاقات

حیدرآباد 3 جون (سیاست نیوز) سیاست اور ملت فنڈ کی جانب سے 114 واں دو بہ دو ملاقات پروگرام عمر فنکشن ہال، چندرائن گٹہ میں منعقد ہوا جہاں پر والدین کی کثیر تعداد شریک ہوکر لڑکوں اور لڑکیوں کے بائیو ڈاٹاس رجسٹر کروائے۔ جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست نگران پروگرام سے شہر کی ذی اثر شخصیات نے ملاقات کی اور مبارکباد دی اور کہاکہ ایسے پروگرامس محلہ واری سطح پر بھی منعقد ہونے چاہئے تاکہ رشتوں میں آسانی پیدا ہو۔ جناب منور اقبال اور جناب سیف بن حسین یافعی کو جناب ظہیرالدین علی خان نے پروگرام کا تعارف کروایا اور کہاکہ پچھلے ہوئے پروگرام کے ذریعہ کئی ہزار والدین نے اس سے استفادہ کیا اور لڑکیاں و لڑکے رشتے ازدواج سے منسلک ہوئے اور یہ پروگرام بیرونی ریاستوں و بین الاقوامی سطح پر ایک شناخت بن چکا ہے۔ جناب منور اقبال نے کہاکہ سیاست اخبار کا مستحسن اقدام ہے کہ اُنھوں نے بن بیاہ لڑکیوں کو رشتہ ازدواج سے منسلک کرنے کے لئے یہ پروگرام ترتیب دیا جس میں اُنھیں کامیابی حاصل ہورہی ہے۔ اس لئے کہ آج وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ اُنھوں نے سیاست کے انتظامیہ بالخصوص جناب زاہد علی خاں، جناب ظہیرالدین علی خاں اور جناب عامر علی خاں سے اظہار تشکر کیا۔ جناب سیف بن حسین یافعی نے کہاکہ سیاست اخبار کے ذریعہ تازہ معلومات پہنچانے کا جہاں کام عرصہ دراز سے کیا جارہا ہے وہیں خدمت خلق کی بنیاد پر شادیوں کے رشتے، تعلیمی میدان اور دیگر ایسے مواقع ہیں جہاں مسلمانوں کو روزگار فراہم ہونے کے لئے اُس کی بھی رہبری و رہنمائی کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر ناظم علی نے کہاکہ روزنامہ سیاست کی یہ ہمہ جہت خدمت جو عرصہ دراز سے جاری ہے بالخصوص دو بہ دو پروگرام کے ذریعہ کئی لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتوں میں آسانی فراہم کرنے کا ذریعہ بنی۔ اُنھوں نے کہاکہ اچھی طرح تحقیق کرتے ہوئے رشتے تلاش کریں۔ ڈاکٹر سیادت علی نے کہاکہ شادی کا یہ عمل حکم الٰہی کا پابند ہے ۔ اولاد کے لئے صحیح رشتے کی تلاش ضروری ہے۔ جناب الیاس باشاہ نے کہاکہ اہل ایمان کو کامیابی کے لئے ایمان بھی دیا اور عمل کی وہ تمام سہولیات ہیں کہ جس کو اختیار کرکے اہل ایمان دنیا اور آخرت میں کامیاب زندگی بسر کرسکتے ہیں۔جناب شاہد حسین نے کارروائی چلائی۔ جناب قاری الیاس باشاہ کی قرأت سے دو بہ دو پروگرام کا آغاز ہوا۔ پروگرام میں والدین نے لڑکوں کے 30 اور لڑکیوں کے 35 بائیو ڈاٹاس رجسٹر کروائے گئے۔ رجسٹریشن کاؤنٹر کے علاوہ آن لائن رجسٹریشن کی بھی سہولت مہیا رکھی گئی۔ والدین کی بڑی تعداد نے اس سہولت سے استفادہ حاصل کیا۔ جناب زاہد علی خان کی سرپرستی اور جناب ظہیرالدین علی خان میں یہ پروگرام روز افزوں ترقی کی طرف گامزن ہے اس لئے دفتر روزنامہ سیاست میں بھی والدین کو لڑکوں اور لڑکیوں کے بائیو ڈاٹاس دیکھنے کی سہولت مہیا کی جارہی ہے۔ اس پروگرام میں سکندر بن محمد یافعی، سعید بن حسین یافعی، سہیل بن محمد یافعی، عمر بن محمد یافعی اور دوسروں نے بھی شریک ہوکر مختلف کاؤنٹرس کا جائزہ لیا۔ ان افراد کو جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈی نیٹر پروگرام نے کاؤنٹرس پر بائیو ڈاٹاس کے ذریعہ تعارف کروایا۔ انجینئرنگ کاؤنٹر پر محترمہ محمدی بیگم، رئیسہ، سلمیٰ، پوسٹ گریجویشن کاؤنٹر پر ناظم الدین، کوثر جہاں، گریجویشن کاؤنٹر پر تسکین، ناظم علی، صالح بن
عبداللہ باحازق اور آمنہ خان، انٹرمیڈیٹ، ایس ایس سی، عالم و فاضل کاؤنٹر پر اسماء، اشرف، میڈیسن کاؤنٹر پر ڈاکٹر سلمیٰ، ڈاکٹر سعادت علی، عقدثانی کاؤنٹر اور تاخیر سے شادی کے کاؤنٹر پر محمد احمد، لطیف النساء، ثناء، نظام الدین لئیق اور دیگر والینٹرس موجود تھے۔ اس پروگرام میں میٹری ڈاٹ کام کاؤنٹر قائم کیا گیا جس پر والدین نے اپنے لڑکوں و لڑکیوں کے بائیو ڈاٹاس رجسٹریشن کروائے۔ اس پروگرام کو سیاست کے فیس بُک کے علاوہ اسکیپ، یو ٹیوب پر راست نشر کرنے کی سہولت مہیا کی گئی ۔جناب شاہد حسین نے خیرمقدم کیا اور کارروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا۔