ماسکو : روس نے لڑائی کے دوران ہلاک ہونے والے سینکڑوں یوکرینی فوجیوں کی نعشیں کیف حکومت کے حوالے کر دی ہیں۔ دوسری جانب روس نے کہا ہے کہ وہ ناٹو اتحاد کو بحیرہ بالٹک میں اپنی اجارہ داری قائم کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ روس نے فروری 2022 میں یوکرین میں اپنی افواج کو متحرک کیا تھا۔ یوکرین میں جنگی قیدیوں کے علاج کے لیے قائم کردہ کوآرڈینیشن ہیڈ کوارٹرز کے مطابق تقریباً تین سالہ جنگ کے دوران ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ یوکرینی فوجیوں کی اتنی بڑی تعداد میں نعشیں واپس لائی گئی ہیں۔ یہ تعداد شدت کے ساتھ ساتھ اس بات کو بھی عیاں کرتی ہے کہ اس جنگ کی کتنی بھاری قیمت ادا کی جا رہی ہے۔ کوآرڈینیشن ہیڈ کوارٹرز نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا، 757 ہلاک ہونے والے فوجیوں کی نعشیں یوکرین کو واپس کر دی گئی ہیں۔ اس بیان میں مزید واضح کیا گیا کہ 451 نعشیں ’’ڈونیٹسک کی سمت‘‘ سے واپس لائی گئیں۔ یہ اشارہ پوکروسک کے علاقہ کی طرف تھا، جو کان کنی اور ٹرانسپورٹ کا مرکز ہے۔