روسی میزائل اور ڈرون حملہ میں یوکرین میں 9افراد ہلاک

   

ماسکو :2جون ( یو این آئی ) حکام کا کہنا ہے کہ وسیع پیمانے پر روسی میزائل اور ڈرون حملوں نے یوکرین بھر میں نو افراد کو ہلاک اور درجنوں کو زخمی کر دیا، یہ واقعات ایسے وقت میں پیش آئے جب سے چند روز قبل صدر وولودیمیر زیلنسکی نے خبردار کیا تھا کہ ماسکو “ایک بڑے نئے حملے” کی تیاری کر رہا ہے۔ماسکو نے 2022 میں حملہ شروع کرنے کے بعد تقریباً روزانہ یوکرین پر بمباری کی ہے، جو اکثر کیف کی طرف سے جوابی کارروائی کو بھڑکاتی رہی ہے، جبکہ یورپ کے دوسرے جنگِ عظیم کے بعد کے سب سے مہلک تنازعہ کو ختم کرنے کے مذاکرات تا حال معطل ہیں۔صحافیوں نے یوکرینی دارالحکومت میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی، جہاں مقامی حکام نے کہا کہ روس نے بالیسٹک میزائلوں سے حملہ کیا، جس سے کئی علاقوں میں آگ لگ گئی اور بجلی منقطع ہو گئی۔شہر کے میئر ویٹالی کلیچکو نے کہا کہ ‘دشمن کے وسیع پیمانے پر حملوں’ میں چار افراد ہلاک اور کم از کم 58 زخمی ہوئے، جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔کلیچکو نے پہلے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا، “شہر میں فضائی دفاعی دستے کارروائیاں کر رہے ہیں! پناہ گاہوں میں رہیں۔اے ایف پی کے صحافیوں نے اس بات کا مشاہدہ کیا کہ جب کیف کے مرکزی علاقے سے گھنا دھواں اٹھ رہا تھا تو رہائشی بیگز اور کمبل تھامے پناہ گاہوں کی طرف دوڑ رہے تھے۔کیف شہر جنگی انتظامیہ کے سربراہ تیمور تکاچنکو نے کہا، “دشمن بالیسٹک میزائلوں سے حملہ کر رہا ہے۔”دیگر مقامات سے بھی میزائل اور ڈراون حملوں کی اطلاعات ہیں۔