رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ میں جاریہ سال چھ فیصد جرائم میں اضافہ

   

خواتین پر مظالم کے واقعات میں کمی، کمشنر پولیس سدھیر بابو کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/27 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ حدود میں جاریہ سال جرائم میں 6 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ خواتین پر مظالم کے واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ خواتین کا قتل، جہیز کیلئے خواتین کو ہلاک کرنا ، اغواء، دست درازی میں اضافہ ہوا ہے تو وہیں عصمت ریزی، پوکسو، خواتین کے ساتھ ہراسانی، خودکشی کیلئے مجبور کرنا جیسے واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ یہ بات کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر سدھیر بابو نے بتائی۔ انہوں نے آج یہاں ایک پروگرام کے دوران رچہ کنڈہ پولیس کی سالانہ رپورٹ جاری کی۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ سال 2022 میں رچہ کنڈہ حدود میں 25815 مقدمات درج کئے گئے جبکہ سال 2023 میں 27586 مقدمات کو تاحال درج کیا گیا جس میں 6.86 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ فائدے کیلئے قتل کے واقعات میں 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ عصمت ریزی کے واقعات میں 327 مقدمات درج کئے گئے جن میں دوست اور جان پہچان والے 280 افراد خاطی پائے گئے جبکہ پڑوسی 12 ، افراد خاندان کے 3 اور 32 دیگر افراد شامل تھے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ رچہ کنڈہ پولیس کی بہترین کارکردگی کے سبب ریکوری اور سزاء کے فیصد میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور سزاء کا بحیثیت مجموعی 60 فیصد رہا۔ جاریہ سال 20 افراد کو عمر قید، 9 افراد کو 10 سال ، 18 افراد کو 5 سال، 19 افراد کو تین سال، گیارہ افراد کو 20 سال، 6 افراد کو سات سال، 4 سال، ایک شخص کو 2 سال، 17 افراد اور 32 افراد کو ایک سال کی سزا دلائی گئی۔ منشیات کے معاملہ میں 12 افراد اور بردہ فروشی کے معاملہ میں6 افراد کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کیا گیا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ سڑک حادثات پر قابو پانے اور اموات کی روک تھام کیلئے اقدامات میں کمی واقع ہوئی ہے اور بہترین نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف جاری کارروائی میں سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ جاریہ سال 16819 ڈرنک اینڈ ڈرائیو مقدمات درج کئے گئے اور 274 افراد کو سزا سنائی گئی جبکہ 2,900 شہریوں کے ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کرنے کیلئے سفارش کی گئی اور 16,25,568 جرمانہ عائد کئے گئے ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ لون ایپ اور دیگر دھوکہ دہی کے معاملات کا سخت نوٹ لیا جارہاہے اور رقمی دھوکہ دہی کے واقعات کی روک تھام کیلئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ لون ایپ، گفٹ فراڈ اور میٹری مونی میں بیرونی شہریوں کا بہت زیادہ رول ہے اور رچہ کنڈہ پولیس ان بیرونی شہریوں کے خلاف بھی کارروائی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمشنریٹ کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے ایس او ٹی اور دیگر ٹیموں کے ذریعہ کارروائی کی جارہی ہے اور نشیلی ادویات کی روک تھام اور دیگر جرائم پر قابو پانے کیلئے مزید بہتر اور سخت اقدامات کئے جائیں گے اور رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کو ایک مثالی کمشنریٹ میں بدل دیا جائے گا۔ اس موقع پر رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے دیگر اعلیٰ عہدیدا موجود تھے۔ ع