ناگر کرنول کے پراجکٹس پر نمائندگی ، اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کے قیام کی اپیل
حیدرآباد ۔8۔نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ملو روی نے جنرل مینجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے ارون کمار جین سے ملاقات کرتے ہوئے ناگر کرنول ضلع میں ریلویز کے ترقیاتی امور پر نمائندگی کی۔ انہوں نے ناگر کرنول لوک سبھا حلقہ میں نئی ریلوے لائنوں کے آغاز کے لئے نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے لائنوں کی کمی کے نتیجہ میں عوام کو قومی شاہراہوں سے مربوط ہونے میں دشواری ہورہی ہے۔ ڈورناکل تا سوریا پیٹ نئی ریلوے لائن سے نلگنڈہ ، کلواکرتی ، ناگر کرنول ، ونپرتی اور گدوال کے عوام کو فائدہ ہوگا۔ نئی ریلوے لائن کے لئے سروے کا کام جاری ہے۔ انہوں نے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے نئی ریلوے لائنوں کے کام میں تیزی پیدا کرنے کی اپیل کی۔ کلواکرتی تا ماچرلا نئی ریلوے لائن دونوں تلگو ریاستوں کے عوام کیلئے سہولت کا باعث رہے گی۔ انہوں نے جڑچرلہ تا نندیال براہ ناگر کرنول اور کولا پور نئی ریلوے لائن کی تکمیل کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دونوں تلگو ریاستوں کو جوڑنے والی نئی ریلوے لائنوں کی عاجلانہ تکمیل کیلئے مرکز سے نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے گدوال ریلوے اسٹیشن کی کھلی اراضی پر سولار اسٹیشن کے قیام سے متعلق تفصیلات طلب کی ہیں۔ امرت بھارت اسکیم کے تحت عالم پور اور گدوال ریلوے اسٹیشنوں کی ترقی کے اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے ڈاکٹر ملو روی نے کہا کہ ریلوے اسٹیشنوں کو عصری سہولتوں سے آراستہ کرنے سے مسافرین کو سہولت ہوگی۔ انہوں نے چیف جنرل مینجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے سے خواہش کی کہ گدوال میں اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر ریلوے اسٹیشن کے قریب قائم کیا جائے ۔ اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کے قیام سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ 1