سیزن کے پہلے ہفتہ میں درجہ حرارت 7 ڈگری تک گر گیا، آئندہ تین دنوں کیلئے ایلو الرٹ جاری
حیدرآباد۔ 20 نومبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ پوری طرح سردی کی لپیٹ میں ہے۔ ایک ہفتہ کے دوران رات کے درجہ حرارت میں 7 سے 8 ڈگری تک کمی واقع ہوئی ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور دیہی علاقوں میں سردی کا اثر زیادہ دیکھا جارہا ہے۔ لوگ شام 6 بجے سے اپنے گھروں کو پہنچ رہے ہیں اور گھروں کے سامنے آگ لگاکر گرمی محسوس کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دن کے دوران سردی کی شدت میں اضافہ کی پیش قیاسی کرتے ہوئے ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔ بتایا جارہا ہیکہ شہر حیدرآباد کے بشمول ریاست کے 33 اضلاع میں سردی کی یہی صورتحال رہے گی۔ دوسری جانب رواں سیزن میں پہلی مرتبہ سنگل ڈیجٹ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پیر کی رات ضلع سنگاریڈی کے کوہیر میں درجہ حرارت کم سے کم 9.5 ڈگری تک گر گیا۔ گزشتہ سال ان ہی دنوں میں کوہیر میں رات کا درجہ حرارت 16.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔ لیکن اب درجہ حرارت 10 ڈگری سے نیچے آگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے انکشاف کیا ہیکہ صرف ایک دن میں رات کے درجہ حرارت میں 5 ڈگری کی کمی آئی ہے۔ اس کے علاوہ آئندہ تین دنوں تک رات کے وقت کا درجہ حرارت 10 سے 13 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاط برتنے بالخصوص معمرین اور بچوں کو گرم کپڑے پہنانے کا مشورہ دیا ہے۔ 2
ریاست میں پیر کی رات کو درج کردہ درجہ حرارت کی تفصیلات
ضلع منڈل کم سے کم درجہ حرارت
سنگاریڈی کوہیر 9.5
آصف آباد سرپور 10.5
وقار آباد مارپلی 11.2
رنگاریڈی چودھری گڈم 11.3
سدی پیٹ۔ میدک مارکوک ۔ شیوم پیٹ 11.5