ریاست کو سنہرا تلنگانہ بنانے خواتین کو با اختیار بنانا ضروری

   

آئندہ پانچ سال میں ایک کروڑ خواتین کو لکھ پتی بنانے کا منصوبہ ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی
حیدرآباد 12 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ کو سنہرا تلنگانہ میں بنانے ضروری ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں سطح غربت سے نکال کر دولت مند بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔ حکومت 5 سال میںایک کروڑ خواتین کو لکھ پتی بنانے کے منصوبہ کے ساتھ کام کرے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج مہیلاشکتی پالیسی کے آغاز سے خطاب میںیہ بات کہی۔ انہو ں نے بتایا کہ حکومت خواتین کی ترقی کو یقینی بنانے اقدامات کر رہی ہے۔ تلنگانہ کی تشکیل کرنے والی طاقت کا نام سونیا گاندھی ہے اور کانگریس کا مطلب اندرا گاندھی ‘ سونیا گاندھی اور پرینکا گاندھی ہے انہیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ ایسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں جہاں خواتین کی مسلمہ اہمیت ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ سے مفادپرست قائدین کو اقتدار سے بیدخل کرنے میں خواتین کا اہم کردار رہا ہے اور ان کی حکومت مانتی ہے کہ ریاست میں کانگریس کو اقتدار خواتین کی وجہ سے حاصل ہوا ہے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ خواتین کو معاشی ‘ سماجی اور تعلیمی اعتبار سے بااختیار بنانے کی پالیسیوں پر عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے اقتدار حاصل کرتے ہی خواتین کیلئے مفت بس خدمات کے آغاز کیا اور اس اسکیم پر عمل کے ذریعہ خواتین کو سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے حکومت سے 500 روپئے میں گیاس سیلنڈر کی سربراہی کے اقدامات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ حکومت مفت بس خدمات فراہم کر رہی ہے تو اس کے خلاف کرایہ کے آٹو ڈرائیورس کے ساتھ بی آر ایس قائدین احتجاج کر رہے ہیں جبکہ حکومت سے آٹو ڈرائیورس کیلئے بھی اسکیم کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ 200 یونٹ مفت برقی اسکیم پر عمل شروع ہوا ہے اور اندراماں امکنہ اسکیم کیلئے حکومت نے آج 22 ہزار 500 کروڑ کی اجرائی عمل میں لاکر 4.5لاکھ خواتین کو مالک جائیداد بنانے کی اسکیم شروع کردی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس دونوں مل کر کانگریس کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ انہو ںنے خواتین کو مشورہ دیا کہ حکومت کو بے دخل کرنے کی سازش کرنے والے جب ووٹ مانگنے آئیں تو انہیں جھاڑو سے مارا جائے۔ 3