یکسوئی کیلئے عہدیداروں سے ربط، محکمہ جات کو شکایات روانہ
حیدرآباد ۔2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے عوام سے ملاقات پروگرام کے تحت آج کانگریس ہیڈ کوارٹر گاندھی بھون میں عوامی مسائل کی سماعت کی۔ ریاستی وزیر نے دو گھنٹے سے زائد تک عوامی نمائندگیاں وصول کیں اور تحریری نمائندگیوں کے سلسلہ میں عہدیداروں سے فون پر بات کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں۔ شہر اور اضلاع سے تعلق رکھنے والے عوام نے کثیر تعداد میں پہنچ کر اپنے مسائل پیش کئے۔ کانگریس کے کارکنوں نے بھی ریاستی وزیر سے عوامی مسائل پر نمائندگی کی۔ 100 سے زائد نمائندگیاں وصول ہوئیں اور جوپلی کرشنا راؤ نے ضروری نوٹ کے ساتھ متعلقہ محکمہ جات کو رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کرشنا راؤ نے کہا کہ صدر پردیش کانگریس نے حکومت اور عوام کے درمیان بہتر رابطہ کیلئے گاندھی بھون میں ہفتہ میں ایک دن ریاستی وزیر کی عوامی ملاقات کا پروگرام شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرجا بھون میں عوامی شکایتوں کی سماعت کا مستقل طورپر سلسلہ جاری ہے۔ گاندھی بھون میں ریاستی وزیر کی آمد سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شہر اور اضلاع کے افراد رجوع ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کی یکسوئی میں یہ پروگرام مددگار ثابت ہوا ہے۔1/k/m/b