ایک دوسرے پر الزام تراشی ، ایوان میں شور و غل، 10 ہزار کروڑ کے کرپشن کا الزام
حیدرآباد ۔21۔ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست میں برقی صورتحال پر مباحث کے دوران ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور بی آر ایس کے رکن جگدیش ریڈی کے درمیان نوک جھونک ہوئی۔ دونوں قائدین کے درمیان تلخ الفاظ کا تبادلہ عمل میں آیا۔ حکومت کی جانب سے برقی صورتحال پر پیش کردہ وائیٹ پیپر پر جگدیش ریڈی نے مباحث کا آغاز کیا۔ جگدیش ریڈی کی تقریر کے دوران ریاستی وزیر وینکٹ ریڈی نے مداخلت کرتے ہوئے یادادری تھرمل پاور پراجکٹ میں 10 ہزار کروڑ کے کرپشن میں ملوث ہونے کا جگدیش ریڈی پر الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے الزامات کے حق میں ثبوت پیش کرنے کیلئے تیار ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ پراجکٹس کے لئے ٹنڈر طلب کرنے کے بجائے بی ایچ ای ایل کو اضافی قیمت پر تعمیری کام الاٹ کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت میں زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے برقی سربراہی کے نام پر کسانوں کو دھوکہ دیا گیا۔ برقی سب اسٹیشنوں کے لاگ بکس کا جائزہ لینے پر 8 تا 12 گھنٹے برقی سربراہی کا انکشاف ہوا۔ کانگریس کے احتجاج کے بعد برقی عہدیداروں نے لاگ بکس کو غائب کردیا۔ وینکٹ ریڈی نے سابق عہدیدار پربھاکر ریڈی کو بھی نشانہ بنایا جنہوں نے کانگریس برسر اقتدار آتے ہی استعفیٰ دے دیا ۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ جگدیش ریڈی عوام کو گمراہ کر رہے ہیں جبکہ متحدہ آندھراپردیش میں راج شیکھر ریڈی حکومت نے سب سے پہلے زرعی شعبہ کو مفت برقی سربراہی کا آغاز کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بے قاعدگیوں کی جانچ کرتے ہوئے خاطیوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ یادادری پراجکٹ میں جگدیش ریڈی سب کنٹراکٹر کی طرح تھے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے بعد جگدیش ریڈی اور پربھاکر راو دونوں کا جیل جانا طئے ہے۔ جگدیش ریڈی اختیارات کے بغیر وزیر تھے جبکہ وزارت برقی کو پربھاکر ریڈی نے چلایا۔ جگدیش ریڈی نے ریاستی وزیر کے ریمارکس پر سخت اعتراض کیا اور کہا کہ حکومت چاہے تو عدالتی تحقیقات کا اعلان کرے۔ وہ تحقیقات کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ جو بھی قصوروار پائے جائیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ برقی معاہدہ اور پراجکٹس کی تعمیر میں مکمل شفافیت سے کام لیا گیا ۔ ریاستی وزیر اور بی آر ایس رکن کے درمیان تلخ الفاظ کے تبادلہ کے دوران ایوان میں شور و غل کے مناظر دیکھے گئے۔ بی آر ایس کے ارکان جگدیش ریڈی کو مائیک دیئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے سخت احتجاج کیا۔ر