ریزیڈنشیل اسکول کی دسویں جماعت کی12 طالبات بیمار پڑ گئیں

   

حیدرآباد7نومبر(یواین آئی) منچریال ضلع سائی کنٹہ میں واقع ٹرائبل گرلز اقامتی اسکول میں دسویں جماعت کی 12 طالبات بیمار پڑ گئیں۔ اسکول کی 160 طالبات نے صبح کھچڑی کھائی جس کے بعد 12 نے پیٹ میں درد کی شکایت کی۔ان کو کو فوری سرکاری جنرل اسپتال لے جایا گیا۔ اطلاع ملتے ہی کلکٹر کمار دیپک نے اسپتال پہنچ کر طالبات کی عیادت کی ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی طبی ماہرین کی نگرانی میں بہتر علاج کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ا سکول میں ہیلت کیمپ لگایا گیا اوربقیہ طالبات کی صحت پر نظر رکھی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ سیفٹی حکام،طالباتء کو دیئے گئے کھانے اور پانی کے نمونوں کے ساتھ اور طالبات کے گھروں سے لیے گئے اچار کے نمونے ٹسٹ کیلئے لیبارٹری بھیجے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبات کی حالت اب بہتر ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر فوڈ پوائزننگ کا واقعہ پایا گیا تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔