نئی دہلی، 23 اکتوبر (ایجنسیز) دہلی ہائی کورٹ نے ریس کورس مسجد کی بجلی اور پانی کی سپلائی بحال کرنے کیلئے دائر درخواست پر راحت دینے سے انکار کردیا ہے۔ مسجد کے امام محمد ہارون نے بنیادی سہولیات منقطع کیے جانے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔ یہ مسجد وقف جائیداد ہے اور وزیر اعظم کی سرکاری رہائش گاہ کے قریب واقع ریس کورس کلب کے احاطے میں موجود ہے۔جسٹس سوربھ بنرجی نے 15 اکتوبر کو امام کی درخواست مسترد کردی۔ مسجد کی بجلی اور پانی کی سپلائی 7 اکتوبر کو منقطع کیے جانے کی اطلاع ہے۔ دوسری جانب سرکاری ذرائع نے اخبار انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ مسجد کو خالی کرانے کیلئے کوئی باضابطہ نوٹس جاری نہیں کیا گیا، تاہم امام کا دعویٰ ہے کہ انہیں احاطہ چھوڑنے کیلئے کہا گیا تھا۔
ریس کورس مسجد کو 2009 میں گریڈ ٹو ورثہ عمارت کے طور پر نوٹیفائی کیا گیا تھا۔ یہ مسجد تقریباً 53 ایکڑ پر مشتمل ریس کورس کلب کے اندر واقع ہے، جو 7 لوک کلیان مارگ کے قریب ہے۔ اس علاقے میں کلب اور جھگیوں کو ہٹانے کی کارروائی مختلف عدالتی مقدمات کے بعد جاری ہے۔ مرکزی حکومت نے علاقے کا قبضہ حاصل کرنے کیلئے قومی سلامتی کو وجہ قرار دیا ہے۔